پاکستان

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کمیٹی کا اجلاس، ’منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے‘

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے پالیسیوں کے تسلسل میں نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا، اعلامیہ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نشان دہی کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ایس آئی ایف سی کے اقدام کے تحت مثبت تحرک جاری رکھنے کے لیے چوتھی ایپکس کمیٹی کا نگراں حکومت کی سربراہی میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، نگران وفاقی کابینہ، نگران وزرائے اعلیٰ، نگران صوبائی وزرا اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کے لیے مثبت رفتار برقرار رکھنے کے اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کا مکمل جائزہ لیا گیا جس میں اہم شعبوں میں پیش رفت اور اس طرح بہت کم وقت میں حاصل کی گئی کامیابیاں شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بھرپور ہم آہنگی کے حصول کے لیے ایک اشتراکی ’پورے حکومتی نکتہ نظر‘ کے ذریعے ایس آئی ایف سی کے مؤثر کام کی تعریف کی۔

ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی کی حکمت عملی اور برادر ممالک کے ساتھ جاری رابطوں کو سراہا، جس میں سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سیکیورٹی (آئی او ایف سی) کے اعلیٰ سطح کے وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔

اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔

ایپکس کمیٹی نے زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے گزشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔

نگران وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پہلے سے حاصل کیے گئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نشاندہی کیے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے پالیسیوں کے تسلسل میں نگراں حکومت کے ساتھ پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ کے ٹرائل کیلئے تاریخ 4 مارچ 2024 مقرر

نمک کا انتہائی کم استعمال سنگین بیماریوں سے بچانے میں مددگار

بھارت کا چاند کے بعد سورج کے سروے کیلئے سٹیلائٹ بھیجنے کا منصوبہ