پاکستان

راولپنڈی: بجلی کے زائد بلوں کے خلاف احتجاج، آئیسکو کے دفاتر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی

شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی صارفین کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

راولپنڈی میں بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف شدید مظاہروں کے پیش نظر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے حکام کی جانب سے عملے اور املاک کے تحفظ کی درخواست کے بعد آئیسکو ہیڈ کوارٹر اور تنصیبات کے ارد گرد 250 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عوام کے شدید ردعمل کے سبب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم ہاؤس میں گزشتہ روز ہنگامی اجلاس منعقدکیا، تاہم حکومت کی جانب سے عوام کے لیے کسی ریلیف کا اعلان نہیں کیا گیا۔

راولپنڈی کے لیے آئیسکو آپریشن سرکل سٹی نے دفاتر میں پولیس کی تعیناتی کی درخواست کی تھی تاکہ عملے اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور صارفین کی جانب سے سخت ردعمل پر قابو پایا جاسکے۔

سی پی او کو لکھے گئے خط میں آئیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے کہا کہ صارفین بجلی کے بلوں میں اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے ہجوم یا گروہ کی شکل میں آئیسکو کے مختلف دفاتر پہنچ رہے ہیں، ایسی صورتحال میں آئیسکو کے ملازمین اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

دوسری جانب آئیسکو نے بجلی کے حوالے سے شکایات کو دور کرنے کے لیے ’ای-کچہری‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، ایک بیان کے مطابق شکایات کے فوری ازالے کے حوالے سے حکومتِ پاکستان اور پاور ڈویژن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو ریجن میں ’ای-کچہریوں‘ کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔

آئیسکو کے سی ای او ڈاکٹر محمد امجد خان کل (29 اگست کو) صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک فیس بک لائیو سیشن کریں گے، آئیسکو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین ’سی او او-آئیسکو ای-کچہری‘ نامی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے چیف ایگزیکٹو آئیسکو سے رابطہ کر سکتے ہیں یا ٹیلی فون نمبر 0519253105 پر رابطہ کرکے اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی صارفین کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

پیپلز کالونی اور گردونواح کے مکینوں کی بڑی تعداد گزشتہ روز کلمہ چوک پر جمع ہوئی، جنہوں نے بجلی کے بل اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے۔

مظاہرین نے زائد بلوں کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کے بقول اتنے بھاری بلز ادا کرنا ان کے لیے ناممکن ہوچکا ہے۔

پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے جڑا ہے، نگران وزیراعظم

ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کیلئے پہلا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی

اقوام متحدہ کے ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی پر سعودی آرامکو کو چیلنج کردیا