پاکستان

نگران وزیراعظم سے ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، شفاف انتخابات کیلئے امریکی حمایت کا اعادہ

انوارالحق کاکڑ نے امریکی سفیر کو یقین دہانی کروائی کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔
|

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری عام انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن (ای سی پی) کی معاونت کرنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے حکومت کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی مدد کرنا اور جمہوری منتقلی کے دوران آئینی تسلسل فراہم کرنا ہے۔

امریکی سفیر نے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے امریکا کے عزم کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ نگران وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاک امریکا تعلقات، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت اور پاک-امریکا گرین الائنس کے تحت مستقبل کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور معاشی بحالی کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری شراکت داری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دورہِ بلوچستان

بعد ازاں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بلوچستان کے تین روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، اپنے دورے کے دوران انہوں نے بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان ڈومکی سے ملاقات کی۔

اپنے آبائی صوبے کے 3 روزہ دورے کے دوران نگران وزیر اعظم ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور دیگر امور پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے، اس دوران متعلقہ حکام انہیں اپنے اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ بھی دیں گے۔

بلوچستان کے دورے سے قبل نگران وزیراعظم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد سے ملاقات کی۔

پاکستان نے ’برکس‘ میں شمولیت کیلئے کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی، دفتر خارجہ

گزشتہ 6 ماہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے

ڈنمارک کا قرآن پاک کو نذرآتش کرنے پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ