بہاالدین زکریا کےعرس کے موقع پر شاہ محمود قریشی کے بھائی اور صاحبزادے کے درمیان گرما گرمی
صوفی بزرگ حضرت بہاالدین زکریا سہروردی کے عرس کی سالانہ تین روزہ تقریبات ملتان میں شروع ہو گئیں جب کہ اس موقع پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھائی اور صاحبزادے کے درمیان گرما گرمی دیکھی گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیونکہ مزار کے نگران اور پی ٹی آئی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں گرفتار ہیں، اس لیے ان کے صاحبزادے مخدوم زین قریشی نے صبح کے وقت مزار پر غسل کا آغاز کیا لیکن اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے بھائی مرید حسین قریشی اور زین قریشی کے درمیان تلخی دیکھی گئی۔
اپنے بھتیجے (زین قریشی) کو ڈانٹتے ہوئے مرید حسین نے چلا کر کہا کہ اسے مزار کو غسل دینے سے قبل انتظار کرنا چاہیے تھا جب کہ وہ اور خاندان کے دیگر افراد راستے میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے دادا کی قبر ہے، میری غیر موجودگی میں غسل کی تقریب کیسے شروع کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی زین قریشی خاموش رہے اور اپنے چچا کو تقریب کی ذمہ داری سنبھالنے کی اجازت دے دی، اس کے بعد انہوں نے انتظامات کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے نئے سرے سے غسل کی کارروائی کا آغاز کیا۔
مرید حسین کے شاہ محمود قریشی سے مزار کے معاملات پر اختلافات ہیں۔
عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔