لائف اسٹائل

پریانکا چوپڑا کو جب میک اپ کے بغیر دیکھا تو بہت حیرت ہوئی، معمر رانا

نادر علی نے پوڈکاسٹ کے دوران معمر رانا سے سوال پوچھا تھا کہ کونسی اداکارہ میک اپ کے بغیر بھیانک دکھتی ہیں؟

یوٹیوب پوڈکاسٹ کے دوران فلم اسٹار معمر رانا کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو میک کے بغیر دیکھا تو وہ حیران رہ گئے، اسی دوران جب یوٹیوبر نادر علی نے مزاحیہ انداز میں اداکارہ کو ’کالے نمک‘ سے تشبیہ دی تو سوشل میڈیا صارفین نے یوٹیوبر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

معمر رانا نے متعدد اردو اور پنجابی فلموں میں کام کر کے خوب نام کمایا، وہ ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

فلم اسٹار نے حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فلمی کریئر اور بولی وڈ اداکاروں سے متعلق گفتگو کی۔

معمر رانا نے ڈراموں میں کام نہ کرنے سے متعلق بتایا کہ ’پاکستان میں ایک ہی قسم کے ڈرامے بنائے جارہے ہیں، میرے پاس جن ڈراموں کے اسکرپٹس آتے ہیں ان میں عورت کو ہمیشہ رلایا جاتا ہے اور مرد کو بُرا دکھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میری بھی اپنی بیٹیاں ہیں، ایسے کردار میں کیسے کر سکتا ہوں، ایسے کردار کرنے سے ہیرو کا امیج خراب ہوجاتا ہے۔‘

معمر رانا نے ماضی کی 90 کی دہائی کی مقبول فلم ’چوڑیاں‘ پر بھی بات کی، انہوں نے کہا کہ جب ہالی وڈ فلم ’ٹائٹینک‘ ریلیز ہوئی تو اسی دن میری پنجابی فلم چوڑیاں بھی ریلیز ہوئی تھی، جب چوڑیاں کے پروڈیوسرز کو معلوم ہوا کہ ٹائٹینک کے ساتھ فلم چوڑیاں ریلیز ہونے جارہی ہے تو انہیں غصہ آیا، یہ واحد فلم تھی جس کا ٹریلر نہیں بنایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم چوڑیاں کی ریلیز کے پہلے دن سنیما میں 15 سے 20 لوگ بیٹھے ہوئے تھے، اور دوسری جانب ٹائٹینک دیکھنے کے لیے لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔

معمر رانا نے دعویٰ کیا کہ جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ میری فلم ’چوڑیاں‘ بھی اسی دن نمائش کے لیے لگی ہوئی ہے تو جو لوگ ٹائٹینک دیکھ رہے تھے وہ میری فلم دیکھنے آگئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چوڑیاں اتنی ہٹ ہوگئی تھی کہ ایک انگریزی اخبار کی ہیڈلائن میں لکھا تھا ’ٹائیٹینک ڈوب گیا‘، میں بہت حیران تھا کہ پوری دنیا میں ٹائٹینک نے اربوں ڈالرز کا بزنس کیا اور پاکستان میں ’چوڑیاں‘ نے اسے آگے جانے ہی نہیں دیا۔

فلم اسٹار نے اپنی بیٹی کے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے حوالے سے کہا کہ ’میں اپنی بیٹی کو کچھ نہیں کہہ سکتا، اس کے اندر ٹیلنٹ ہے، وہ اپنے کام کے حوالے سے بہت اعتماد ہے، مجھے اس کی اداکاری دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔‘

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو ابھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم میں ویب سیریز کرنے کے لیے اجازت دی ہے، لیکن انہیں ڈائریکشن میں کام کرنے کا شوق ہے۔

اسی دوران نادر علی نے سوال پوچھا کہ کونسی اداکارہ میک اپ کے بغیر ’بھیانک‘ دکھتی ہیں؟ جس پر معمر رانا نے کہا کہ ’پاکستانی اداکاروں میں بھیانک کوئی بھی نہیں ہے۔‘

جس پر نادر علی نے کہا کہ ’آپ بولی وڈ اداکاروں کے نام بتادیں جنہیں کوئی شخص میک اپ کے بغیر دیکھ کر حیران ہوجائے‘۔

بعد ازاں معمر رانا نے کہا کہ ’جی ایسا میرا ساتھ ہوچکا ہے، میں اور سلمان خان ایک ساتھ کسی تقریب میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران ایک خاتون میرے ساتھ آکر بیٹھ گئیں، میں اس خاتون اور سلمان خان کے درمیان بیٹھا ہوا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’سلمان خان اور وہ خاتون دونوں آپس میں بات کر رہے تھے، میں کبھی آگے اور کبھی پیچھے ہورہا تھا، اور پھر وہ خاتون تھوڑی دیر بعد اٹھ کر چلی گئیں، میں نے سلمان خان سے پوچھا کہ یہ خاتون کون تھیں، جس پر سلمان خان نے کہا کہ ’کیا تم نے نہیں پہچانا؟‘ میں نے کہا کہ ’نہیں‘۔

معمر رانا نے بتایا کہ ’وہ خاتون پریانکا چوپڑا تھیں، انہیں دیکھ کر میرا ان پر کرش (crush) ختم ہوگیا۔‘

بعد ازاں نادر علی نے مزاحیہ انداز میں پریانکا چوپڑا کو ’کالے نمک‘ سے بھی تشبیہ دی۔

معمر رانا کا کہنا تھا کہ ’میک اپ کے بغیر سب سے زیادہ خوبصورت امیشا پٹیل ہیں۔‘

نادر علی کی جانب سے پریانکا چوپڑا کو ’کالے نمک‘ سے تشبیہ دینے اور مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا صارفین انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ’نادر علی کو پوڈکاسٹ چھوڑ دینا چاہیے‘، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’نادر علی کا بائیکاٹ ہونا چاہیے‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نادر علی کا بائیکاٹ کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بھی یوٹیوبر کی جانب سے نامناسب سوالات اور تبصرہ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

نادر علی نے اس سے قبل علیزے شاہ کی جانب سے مبینہ طور پر سرجری کروانے پر بھی تبصرہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ’علیزے شاہ پہلے بہت پیاری تھیں اب بُری لگنے لگی ہے۔‘

یہی نہیں بلکہ نادر علی اپنے پوڈکاسٹ میں اداکارہ سنیتا مارشل سے بھی مذہب کی تبدیلی سے متعلق نامناسب سوالات کرچکے ہیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بعد ازاں انہوں نے اپنے عمل پر معافی بھی مانگی تھی۔

نامناسب سوالات کے بہترین جوابات دینے پرسنیتا مارشل کی تعریفیں

سنیتا مارشل سے مذہب تبدیلی سے متعلق سوال کرنے پر نادر علی نے ’معافی‘ مانگ لی

صحافیوں، ججز سمیت سب کیلئے یہی پیغام ہے جھوٹ بولنا چھوڑدیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ