کھیل

فیفا ویمن ورلڈ کپ جیتنے کے بعد کپتان کو والد کے انتقال کی خبر دے دی گئی

گزشتہ روز خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ اسپین اور انگلینڈ کے درمیان ہوا تھا۔

اسپین کی فٹ بالر کے لیے خوشی کے لمحات اس وقت آنسوؤں میں بدل گئے جب انہیں فائنل میں جیت کے بعد والد کے وفات کی خبر ملی۔

گزشتہ روز (20 اگست 2023) خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ اسپین اور انگلینڈ کے درمیان ہوا، میچ کے دوران 23 سالہ اولگا کارمونا نے واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کا فاتح بنوایا تھا۔

انہوں نے ورلڈ کپ میں اسپین کی 7 میں سے 5 میچوں میں نمائندگی کی ہے، خواتین فیفا ورلڈ کپ کے میچز 20 جولائی 2023 کو شروع ہوئے تھے جو 20 اگست 2023 تک جاری رہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اولگا کارمونا کے والد ایک عرصے سے بیمار تھے اور 18 اگست کو ان کا انتقال ہوا تھا۔

ہسپانوی فٹ بال ایسوسی ایشن (آر ایف ای ایف) نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اولگا کارمونا کے والد کی موت پر بہت افسوس ہوا، فٹبالر کو ورلڈ کپ فائنل جیتنے کے بعد اس افسوس ناک خبر کی اطلاع دی گئی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس دکھ بھرے لمحے میں اولگا اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک تمنائیں، ہمیں آپ سے پیار ہے اولگا اور آپ ہسپانوی فٹ بال کی اسٹار ہو۔‘

اولگا کارمونا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر ) پر لکھا کہ ’میں جانتی ہوں کہ آپ نے مجھے اتنی ہمت دی کہ میں کچھ حاصل کر سکوں، میں جانتی ہوں کہ آج رات آپ (والد) مجھے دیکھ رہے ہوں گے اور آپ کو مجھ پر فخر ہوگا، آپ کی روح پُرسکون رہے ڈیڈ‘۔

رپورٹ کے مطابق اولگا کارمونا کے اہل خانہ اور دوستوں نے فٹ بالر کے والد کی موت کی خبر کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ فٹ بالر اپنی زندگی کے سب سے اہم میچ پر توجہ مرکوز کرسکیں، کارمونا کی والدہ اور بھائی میچ میں ان کی حمایت کے لیے آسٹریلیا پہنچے تھے۔

فٹبال کلب ریئل میڈرڈ نے بھی اولگا کارمونا کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

اولگا کارمونا نے ورلڈ کپ کے فائنل میں اپنا واحد گول اپنی ایک دوست کی والدہ کے نام کیا تھا جن کا حال ہی میں انتقال ہوا تھا، اور دوسری جانب وہ اپنے والد کی موت کی خبر سے بے خبر تھیں۔

ایشیا کپ کے لیے 19رکنی کمنٹری پینل کا اعلان

ورلڈ کپ شیڈول میں پھر تبدیلی کا امکان، پاکستان کا میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ

انگریزی نہ بولنے پر سوشل میڈیا صارف کی تنقید پر شاداب خان برہم