لائف اسٹائل

والدین کی وجہ سے کسی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا، عاشر وجاہت

عاشر وجاہت نامور ہدایت کار وجاہت رؤف اور پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے بیٹے ہیں، انہوں نے کم عمری میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔

اُبھرتے ہوئے نوجوان اداکار عاشر وجاہت نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والدین نے انہیں رہنمائی دی جس کی وجہ سے انہیں کسی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

عاشر وجاہت نامور ہدایت کار وجاہت رؤف اور پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے بیٹے ہیں، انہوں نے کم عمری میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور خوش قسمتی سے اپنی فلم ’جان (Jhon)‘ میں مرکزی کردار بھی ادا کرچکے ہیں جو 14 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی۔

اس کےعلاوہ وہ متعدد ڈراموں میں بھی کاسٹ ہوچکے ہیں جن میں چاند تارا، پنجرہ، سوتیلی اور دیگر شامل ہیں جبکہ فلم ’چھلاوا‘ اور فلم ’لاہور سے آگے‘ میں بھی کاسٹ ہوچکے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے معروف پاکستانی انٹرٹینمنٹ میگزین ’ہیلو پاکستان‘ کو انٹرویو دیا جہاں عاشر نے اپنے اب تک کے کریئر اور مستقبل کی خواہشات کا ذکر کیا۔

20 سالہ اداکار نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جان‘ کے بارے میں بتایا کہ ’جان‘ ان کے کریئر کا اہم اور انتہائی دلچسپ پروجیکٹ تھا اور فلم کی شوٹنگ کا تجربہ انتہائی شاندار رہا۔

فلم کے اسکرپٹ اور اس میں کام کرنے کی وجہ سے متعلق سوال پر عاشر وجاہت نے بتایا کہ ’مجھے فلم کی کہانی بہت پسند تھی، اس کے علاوہ فلم کے مرکزی کردار کی پیشکش ہونا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’فلم میں جان کا کردار بہت دلچسپ ہے، اس فلم میں زیادہ ڈائیلاگ نہیں ہیں لیکن وہ کردار اپنی آنکھوں اور چہرے کے تاثرات کے ذریعے اداکاری کرتا ہے، ایک اداکار کے طور پر اس کا میں نے فائدہ اٹھایا اور مجھے خود سے چیزیں کرنے کا موقع ملا۔ ’

عاشر وجاہت نے ٹک ٹاکر اور اداکارہ رومیسا خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’رومیسا میری بہت اچھی دوست اور اداکارہ ہے، جب ایک اچھا اداکار آپ کے سامنے کھڑا ہو تو آپ مزید بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اداکار نے انٹرویو کے دوران جانے مانے والدین کے بیٹے ہونے کی حیثیت سے شوبز انڈسٹری میں اپنے تجربے کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔

ان کاکہنا تھا کہ ’شوبز انڈسٹری میں اپنے تجربے کی جہاں تک بات ہے تو میں اس حوالے سے بہت خوش قسمت رہا ہوں کیونکہ میرے والدین نے میری رہنمائی کی اور بہت سے لوگوں نے مجھے سپورٹ کیا، اس لیے مجھے کسی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور میں اس کا بہت شکر گزار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے جن چیلنجز کا سامنا کیا وہ مختلف نوعیت کے تھے۔

عاشر وجاہت کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال سے میں نے جن مشکلات کا سامنا کیا وہ یہ ہیں کہ جب آپ بہت کم عمری میں اداکاری کرنا شروع کر دیتے ہیں، اس کے درمیان ایک وقت ایسا آتا ہے جب کام ملنا بہت مشکل ہو جاتا ہے، انڈسٹری میں بہت زیادہ مقابلہ ہے، یہ کوئی چیلنج نہیں تھا، لیکن میں کچھ مختلف کرنا چاہتا تھا، جو میرے کام کو نمایاں کرے کیونکہ ہماری انڈسٹری میں ہت سارے اچھے اداکار موجود ہیں، لہذا نمایاں اور منفرد کام کرنا ضروری ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اداکاری کے سفر میں ہمیشہ سیکھنا ہوتا ہے، ایک لمحہ جب مجھے لگتا ہے کہ میں سب کچھ جانتا ہوں اس وقت میں سب سے بڑا ناکام ہوں ، میں ہر پروجیکٹ میں بہتری لانے کی کوشش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ عوام میری صلاحیتوں کو پسند کریں گے۔‘

عاشر وجاہت نے کہا کہ ’لوگ جانتے ہیں کہ میرے والدین شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات ہیں لیکن میرا ہنر ان سے الگ ہے۔‘

فلم جان کے علاوہ دیگر پروجیکٹس میں کام کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے عاشر وجاہت نے کہا کہ ’حال ہی میں امریکا میں فلم ’جان‘ کی اسکریننگ ہوئی ہے اس لیے ابھی اسی فلم کے پروموشن میں مصروف ہوں، اب میں ٹی وی ڈراموں میں کام کروں گا، ایک دو پروجیکٹس میں کام کرنے کی بات ہورہی ہے، میرا مقصد ہمیشہ مختلف کرنا ہے، میں ڈراما ’چاند تارا‘ کے بعد ایک اور ڈراما کرنا چاہتا ہوں، اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا۔‘

واضح رہے کہ فلم ’جان‘ کی کہانی ایک غریب طبقے کے لڑکے اور اس کی محبت سمیت اس کی زندگی میں آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے اور اس میں نچلے طبقے سے وابستہ افراد کی زندگیوں کو دکھایا گیا ہے۔

’جان‘ میں مرکزی کردار عاشر وجاہت نے ادا کیا ہے جب کہ رومیسا خان نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے۔

’جان‘ جہاں دونوں مرکزی اداکاروں کی پہلی فلم ہے، وہیں یوٹیوبر رضا سموں بھی اسی فلم کے تحت ڈیبیو کر رہے ہیں، علاوہ ازیں دیگر چند اداکار بھی پہلی بار بڑے پردے پر دکھائی دے رہے ہیں۔

ہانیہ عامر کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے پر عاشر وجاہت نے خاموشی توڑ دی

عاشر وجاہت اور رومیسا خان کی فلم ’جون‘ جلد ریلیز کرنے کا اعلان

رومیسہ خان، عاشر وجاہت اور رضا سموں کی ڈیبیو فلم ’جان‘ ریلیز