پہلی بار نویں جماعت میں محبت ہوئی تھی، میمونہ قدوس
ابھرتی ہوئی اداکارہ میمونہ قدوس نے اعتراف کیا ہے کہ پہلی بار انہیں نویں جماعت میں اپنے والد کے دوست کے بیٹے سے محبت ہوئی تھی اور ابھی تک ان کے درمیان دوستی ہے۔
اداکارہ حال ہی میں ’دی نائٹ شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اداکاری سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح وہ اداکاری میں آئیں۔
میمونہ قدوس نے بتایا کہ انہوں نے ماس کمیونی کیشن کی ڈگری لے رکھی ہے اور انٹرن شپ کے لیے جب وہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) گئیں تو انہیں وہاں اداکاری کرنے کا شوق جاگا۔
ان کے مطابق انہوں نے پروڈکشن میں انٹرن شپ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف پروڈکشن ہاؤسز کو پیغامات بھیج کر اداکاری کا موقع دینے کا کہا اور انہوں نے پہلا آڈیشن اداکار اعجاز اسلم کے پروڈکشن ہاؤس میں دیا اور ان کے ساتھ ہی انہوں نے پہلا ڈراما بھی کیا۔
میمونہ قدوس نے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کم عرصے میں متعدد ڈراموں میں مختلف کرداروں کی پیش کش ہوئی اور اب تک وہ اپنے تمام کرداروں سے خوش ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ آج کل کے دور میں سوشل میڈیا فالوورز دیکھ کر لوگوں کو کاسٹ کیا جاتا ہے جب کہ ہر کسی کو ان کے کام کی بنیاد پر مواقع ملنے چائیے۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں بات کرتے ہوئے میمونہ قدوس نے کہا کہ وہ معروف اداکار علی خان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیں گی تاہم کوئی ایسی اداکارہ نہیں ہے جن کے ساتھ انہیں کام کرنے میں مسئلہ ہو۔
اسی دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لڑکیوں کے مقابلے لڑکے اچھے دوست ہوتے ہیں۔
میمونہ قدوس کا کہنا تھا کہ لڑکیوں میں منفی خیالات زیادہ ہوتے ہیں، وہ ایک دوسرے سے جلتی رہتی ہیں جب کہ ان کے ہارمونز بھی مختلف ہونے کی وجہ سے ان کی شخصیت اچھی نہیں ہوتی، اس لیے ان کا خیال ہے کہ لڑکے اچھے دوست ہیں۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہیں پہلی بار اس وقت محبت ہوئی تھی جب وہ نویں جماعت کی طالبہ تھیں۔
میمونہ قدوس نے بتایا کہ جس لڑکے سے انہیں محبت ہوئی، وہ ان کے والد کے دوست کے بیٹے تھے اور ان کے درمیان ابھی بھی دوستی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ لڑکا دوستی نبھانے والا ہے، انہیں لگتا ہے کہ ان کی دوستی بہت عرصے تک چلے گی، ہاں البتہ وہ یقین کے ساتھ نہیں کہ سکتی کہ ان کے درمیان محبت رہے گی یا نہیں۔