پاکستان

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں صدر مملکت عارف علوی نے نگران کابینہ کے 16 وزرا اور 3 مشیروں سے حلف لیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی وفاقی کابینہ سے حلف لے لیا۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کے ساتھ ساتھ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی موجود تھے۔

ایوان صدر میں منعقد حلف برداری تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے نگران کابینہ کے اراکین سے حلف لیا جس میں 16 وفاقی وزرا کے ساتھ ساتھ تین مشیر بھی شامل ہیں۔

حلف اٹھانے والے نگران وفاقی وزرا میں سینیٹر سرفراز بگٹی، جلیل عباس جیلانی، شمشاد اختر، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر، مرتضٰی سولنگی، سمیع سعید، شاہد اشرف تارڑ، احمد عرفان اسلم، محمد علی، گوہر اعجاز، عمر سیف، ندیم جان، خلیل جیارج، انیق احمد، جمال شاہ، مدد علی سندھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نگران وزیراعظم کے تین مشیروں ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین خان، احمد خان چیمہ اور وقار مسعود خان نے بھی حلف اٹھایا۔

حلف اٹھانے والے وزرا میں جلیل عباس جیلانی کو وزارت خارجہ، ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ، سرفراز بگٹی کو وزارت داخلہ اور وزارت سمندر پار پاکستانی، مرتضیٰ سولنگی کو وزارت اطلاعات و نشریات، ڈاکٹر عمر سیف کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، لیفیٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر کو وزارت دفاع، انیق احمد کو وزارت مذہبی امور، احمد عرفان اسلم کو وزارت قانون، قدرتی وسائل اور ماحولیاتی، محمد علی وزارت توانائی اور پیٹرولیم، گوہر اعجاز کو وزارت تجارت اور مدد علی سندھی کو وزارت تعلیم کے قلمدان دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر ندیم جان کو وزارت صحت، جمال شاہ کو وزارت ثقافت، کیپٹن ریٹائرڈ شاہد اشرف تارڑ کو وزارت ریلوے، پوسٹل سروسز، احمد تارڑ وزارت کو مواصلات اور سمیع سعید کو وزارت منصوبہ بندی کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔

تین مشیروں میں سے ایئرمارشل ریٹائرڈ فرحت حسین ایوی ایشن، احمد چیمہ اسٹیبلشمنٹ اور وقار مسعود مالیات کے مشیر ہوں گے۔

نگران وزیراعظم نے چار مشیر خاص کا بھی تقرر کیا ہے جن میں مشعال ملک کو انسانی حقوق، جواد سہراب ملک کو اوورسیز، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ افتخار راؤ میری ٹائم افیئرز اور وصی شاہ سیاحت کے اسپیشل ایڈوائزر ہوں گے۔

سینیٹ چیئرمین کی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نگران کابینہ کے اراکین کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق صادق سنجرانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نگران کابینہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت میں شامل وزرا قابل، باصلاحیت، تجربہ کار اور ملک سے محبت کرنے والے لوگ ہیں ،ان کی کاوشوں سے ملک کے مسائل کےحل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔

آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے دفتر پہنچے اور وزارت کے افسران اور اپنے اسٹاف سے ملاقات کی۔

خیال رہے کہ 14 اگست کو انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے عہدے کا حلف لیا تھا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو بھیجی تھی اور ان کے دستخط کے ساتھ ہی اسمبلی تحلیل ہو گئی تھی۔

اس کے بعد نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق قائد حزب اختلاف راجا ریاض کے درمیان مشاورت کا عمل شروع ہوا تھا لیکن دو روز تک دونوں کسی نام پر متفق نہ ہو سکے تھے۔

ابھی اس مشاورت کو دو روز ہی گزرے تھے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر 12 اگست تک نگران وزیراعظم کے نام اعلان کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم شہباز شریف نے اس خط پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کے نام پر فیصلہ کرنے کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے پاس 12 اگست تک کا وقت ہے، یہ ایک آئینی معاملہ ہے تو آخر صدر کو اتنی جلدی کیوں ہے۔

بالآخر 12 اگست کو دونوں رہنماؤں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

نگران وزیراعظم اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے پارٹی اور سینیٹ رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

عام انتخابات 90 روز میں نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ

ایک بار پھر ماہرہ خان کی شادی کی افواہیں

ایرانی وزیر خارجہ کا تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ