نگران وزیراعظم کی سعودی و اماراتی سفیروں سے ملاقات، دونوں ممالک کے مسلسل تعاون پر اظہارِ تشکر
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز بلوچ رہنماؤں سےملاقاتوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں سے بھی ملاقات کی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعظم سے بلوچستان کے سابق وزرا میر سرفراز چاکر ڈومکی، آغا شکیل درانی اور نواب جنگیز خان مری اور سابق سینیٹر سیف مگسی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، مہتر زئی قبیلے کے عمائدین پر مشتمل وفد نے بھی انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کے دوران نگران وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پہلے کی طرح کام جاری رکھے گی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری، بالخصوص سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھی جا سکے۔
اس سلسلے میں انہوں نے توانائی، انفرااسٹرکچر، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کو تعاون کے ممکنہ شعبوں کے طور پر اجاگر کیا۔
سعودی سفیر نے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم حرمین شریفین، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں، انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خاص طور پر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا اور سعودی حکومت سے درخواست کی کہ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
نگران وزیراعظم نے سعودی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر شمار کر سکتا ہے۔
سعودی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات کے دوران انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، متحدہ عرب امارات کے سفیر نے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انوارالحق کاکڑ نے مبارکباد کے پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
نگران وزیراعظم نے رواں برس کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں کوپ-28 سمٹ کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت ان کی مسلسل حمایت جاری رکھے گی۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انٹونی بلنکن نے (انوار الحق کاکڑ) کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے لکھا کہ جیسا کہ پاکستان آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی تیاری کر رہا ہے، اس کے آئین اور آزادی اظہار اور اسمبلی کے حقوق کے مطابق ہم اقتصادی خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔