دنیا

امریکا: ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 106 ہوگئی

ہوائی کے لوگوں کو اس آفت سے نکالنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہوں، امریکی صدر جو بائیڈن کا پیغام

امریکی ریاست ہوائی میں ماؤئی کے جنگلات میں لگنے والی صدی کی بدترین آگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 106 ہو گئی ہے جبکہ ریاست کے گورنر نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی ریاست ہوائی کے تاریخی شہر ماؤئی کے جنگلات میں لگنے والی آگ اس صدی کی بدترین آتشزدگی کا واقعہ ہے جہاں اب تک 106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ گورنر جوش گرین کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں نمایاں طور پر اضافہ ہو سکتا ہے۔

گورنر جوش گرین نے پہلے کہا تھا کہ تباہی والے علاقے کے صرف ایک چوتھائی حصے میں تربیت یافتہ کتوں کے ذریعے لاشیں تلاش کی گئیں۔

اے ایف پی کے ایک صحافی نے مشاہدہ کیا کہ ماؤئی پولیس ڈیپارٹمنٹ کی فرانزک سہولت میں ریفریجریٹڈ کنٹینرز کو عارضی مردہ خانے کے طور پر استعمال کرنے کے لیے رکھا گیا ہے کیونکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن ماؤئی میں رضاکاروں، زندہ بچ جانے والوں کے ساتھ ساتھ وفاقی، ریاستی اور مقامی حکام سے ملاقات کریں گے۔

جو بائیڈن نے سماجی رابطوں کی ویب ایکس پر کہا کہ میں ہوائی کے لوگوں کو اس آفت سے نکالنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

قبل ازیں جو بائیڈن نے جنگل کی آگ کو ہوائی میں ایک بڑی تباہی قرار دیا تھا، جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے ہنگامی امداد کی فراہمی کی اجازت دی گئی تھی۔

لیکن ریپبلکن حزب اختلاف کی طرف سے صدر جو بائیڈن پر آگ سے نمٹنے میں تاخیر پر سخت تنقید کی گئی۔

اگرچہ صدر نے تقریروں میں اس تباہی کا ذکر کیا ہے لیکن انہوں نے عوامی سطح پر کوئی بات نہیں کی جہاں ہفتے کے آخر میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ جو بائیڈن بحر الکاہل کے جزیرے کے رہنماؤں اور وفاقی ہنگامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

یہ اعلان ہلاک افراد کی شناخت کے عمل کے دوران سامنے آیا ہے جہاں حکام نے کہا تھا کہ انہوں نے 41 افراد کے ڈی این اے کے نمونے جمع کیے ہیں جن کے رشتہ دار لاپتا ہیں اور ابھی تک مرنے والوں میں سے صرف 5کی شناخت ہو سکی ہے۔

جزیرے کے پولیس چیف نے کہا ہے کہ بہت سی لاشیں اتنی بری طرح سے جلی ہوئی ہیں کہ وہ ناقابل شناخت ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر ویڈیو سے عمران خان کا اخراج، وسیم اکرم کا پی سی بی سے معافی مانگنے کا مطالبہ

علیزے شاہ کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف اداکارہ تھانے پہنچ گئیں

بھارت، چین کا ’متنازع سرحد‘ پر امن برقرار رکھنے کا عزم