لائف اسٹائل

ایک بار پھر فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی ویب سیریز ریلیز نہ کی جا سکی

’مادر ملت: اے سسٹر‘ نامی ویب سیریز کو بنانے والی پروڈکشن کمپنی ’اور ڈیجیٹل‘ نے اسے ریلیز نہ کرنے کی وجہ نہیں بتائی۔

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی گئی ویب سیریز ’مادر ملت‘ کے پہلے سیزن کو ایک بار پھر یوم آزادی کے موقع پر ریلیز نہ کیا جا سکا۔

ابتدائی طور پر مذکورہ ویب سیریز کو 14 اگست 2022 کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا تھا۔

رواں ماہ اگست کے آغاز میں ایک بار پھر ویب سیریز کو بنانے والی ٹیم نے اس کے نئے ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 14 اگست 2023 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن ایک بار پھر ٹیم نے ویب سیریز کو ریلیز کیے بغیر اس کے ’اوریجنل ساؤنڈ ٹریک‘ (او ایس ٹی) کی گانے کے بغیر ویڈیو جاری کردی۔

’مادر ملت: اے سسٹر‘ نامی ویب سیریز کو بنانے والی پروڈکشن کمپنی ’اور ڈیجیٹل‘ نے اسے ریلیز نہ کرنے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم اب بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیریز کو جلد ریلیز کیا جائے گا۔

اس بار ویب سیریز کی جاری گئی او ایس ٹی کی ویڈیو میں متعدد نئے کرداروں کو متعارف کرایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز نہ صرف میگا بجٹ ہوگی بلکہ اس میں متعدد بڑے کردار دکھائی دیں گے۔

او ایس ٹی کی ویڈیو میں قائد اعظم محمد جناح، علامہ اقبال اور مہاتما گاندھی سمیت دیگر بڑے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مہاتما گاندھی کا کردار سرمد کھوسٹ، علامہ اقبال کا کردار عثمان مختار جب کہ قائد اعظم کا کردار عامر قریشی ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

او ایس ٹی ویڈیو میں کبریٰ خان اور انوشے اشرف سمیت دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز میں بڑے اداکار دیکھنے کو ملیں گے۔

ویب سیریز بنانے والی پروڈکشن کمپنی نے اسے 14 اگست کو ریلیز نہ کرپانے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم اب بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ویب سیریز کو جلد ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سمیت ٹی وی اسکرینز پر ریلیز کردیا جائے گا۔

مذکورہ ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مشتمل ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

اس کی ہدایات دانیال کے افضال نے دی ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس بتایا تھا کہ تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

ان کے مطابق پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی جب کہ تیسرے سیزن میں سامعہ ممتاز فاطمہ جناح کا روپ دھاریں گی۔

ویب سیریزکے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جب کہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔

مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے، جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی سیریز کا ٹیزر ریلیز

’فاطمہ جناح‘ پر بنی سیریز آئندہ برس ریلیز ہوگی

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی ویب سیریز ’مادر ملت‘ یوم آزادی پر ریلیز کرنے کا اعلان