لائف اسٹائل

علیزے شاہ کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف اداکارہ تھانے پہنچ گئیں

ڈرامے کے سیٹ پر علیزے شاہ نے مجھ پر جلتا ہوا سگریٹ پھینکا اور مارنے اور تشدد کرنے کی کوشش کی، اداکارہ منسا ملک کا الزام
|

ابھرتی ہوئی ٹی وی اداکارہ منسا ملک نے نامور اداکارہ علیزے شاہ پر نشے کی حالت میں بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں درخواست جمع کروادی۔

اداکارہ منسا ملک نے اسلام آباد کے تھانہ ویمن مرکز جی سیون میں درخواست جمع کروائی، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ علیزے شاہ نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

درخواست کے مطابق اداکارہ منسا ملک نے انکشاف کیا کہ واقعہ اسلام آباد میں نئے آنے والے ڈراما سیریل کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے کچھ ساتھی بہارہ کہو اسلام آباد میں ڈراما سیریل ’محبت کی آخری کہانی‘ کے سیٹ پر آئے ہوئے تھے، اس دوران ٹی وی اداکارہ علیزے شاہ بھی شوٹنگ پر موجود تھیں۔’

درخواست میں منسا ملک نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز (15 اگست 2023) کو شام 5 بجے ڈرامے کے سیٹ پر علیزے شاہ نے ان پر جلتا ہوا سگریٹ پھینکا اور انہیں مارنے اور تشدد کرنے کی کوشش کی۔

منسا ملک نے الزام عائد کیا کہ علیزے شاہ نے انہیں کمرے میں جوتیوں کے ساتھ مارا اور اس دوران علیزے منشیات کا استعمال بھی کر رہی تھیں اور انہوں نے اس دوران بہت مشکل سے اپنی جان چھڑائی۔

درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ علیزے شاہ نے منسا ملک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں، منسا ملک نے دعویٰ کیا کہ علیزے کو ان سے پروفیشنل جیلسی (پیشہ ورانہ حسد) ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ علیزے شاہ کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں شوٹنگ کے دوران سیٹ پر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

اس کے علاوہ واقعے سے متعلق جب ڈان نے پولیس سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ منسا ملک، علیزے شاہ کے خلاف درخواست جمع کروانے تھانے آئی تھیں لیکن عدم دلچسپی کی وجہ سے انہوں نے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔

پولیس کے مطابق درخواست گزار کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مذکورہ معاملے پر مزید کوئی کارروائی نہیں کی جا سکی۔

واقعے کے حوالے سے اداکارہ منسا ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔

اکشے کمار نے کینیڈین شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرلی

کنزہ ہاشمی کی بھارتی اداکار کے ساتھ گانے کی ویڈیو جاری

سجل علی، جگن کاظم اور عدنان صدیقی سمیت 696 شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان