اٹک: آسمانی بجلی گرنے سے تھانے کی عمارت منہدم، 5 پولیس اہلکار زخمی
پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو میں پیر اور منگل کی درمیانی شب تھانہ اٹک خورد کی عمارت پر آسمانی بجلی گرنے کے بعد آگ لگنے سے عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جن کے نام اے ایس آئی امتیاز، کانسٹیبل سجاد، کانسٹیبل فیضان، کانسٹیبل توقیر اور وائرلیس آپریٹر بلاول صدیقی بتائے جارہے ہیں۔
ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو طوفانی بارش ہوئی جس سے تھانے کی عمارت پر اچانک آسمانی بجلی گری اور آگ لگ گئی، بعدازاں عمارت منہدم ہوگئی جس سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں میں سے 4 معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ ایک اہلکار کو راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی پی او اٹک نے مزید بتایا کہ جس حصے میں آسمانی بجلی گری وہاں مال خانہ تھا، اس لیے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
تخریب کاری کے امکان کے حوالے سے سردار غیاث گل نے بتایا کہ تخریب کاری اگر ہوتی تو جہاں حوالات تھی وہاں ہوتی، یہ تخریب کاری نہیں تھی البتہ امکان یہی ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ لگی، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی یا آنسو گیس کے شیل و دیگر اسلحے کی وجہ سے لگی۔
واقعے اطلاع ملنے پر دیگر تھانوں کی پولیس موقع پرپہنچ گئی جبکہ عمارت گرنےکی وجہ معلوم کرنے کے لیے پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔