کھیل

’پاکستان نے مجھے سب کچھ دیا ہے، یہ میری پہچان ہے‘، جشنِ آزادی پر قومی کرکٹرز کا پیغام

سابق کرکٹرز شاہد آفریدی، محمد یوسف، اظہر علی اور موجودہ کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان بیٹر نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق و موجودہ کھلاڑیوں نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی اور نظم و ضبط کی پابندی کا پیغام دیا۔

پاکستان کے سابق کرکٹرز شاہد آفریدی، محمد یوسف، اظہر علی اور شعیب ملک، اور موجودہ کھلاڑی بابر اعظم، شاداب خان اور شان مسعود سمیت دیگر نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’آزاد شناخت کے لیے الحمداللہ، اللہ پاک ہمارے پیارے وطن کو سلامت رکھے۔‘

سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ جشن آزادی کی مبارک دیتے ہوئے طویل پیغام دیا۔

انہوں نے لکھا کہ لکھا کہ ’ہم دنیا میں جہاں بھی جائیں، لیکن ہم سب یہ تسلیم کرتے ہیں وطن جیسی کوئی جگہ نہیں، اللہ نے اس ملک کو اپنی تمام تر نعمتوں سے نوازا ہے، سخت مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اسے مضبوط اور ثابت قدم بنایا، آئیے آج کے دن اپنی پاک سر زمین کے لیے دعا کریں اور اپنے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی میراث کو ہمیشہ برقرار رکھنے کا عہد کریں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’پاکستانی کو یوم آزادی مبارک ہو! میری دعا ہے کہ اللہ ہمیں ہمت دے۔‘

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’امید ہے کہ پاکستان کا مستقبل مزید خوشحال ہو۔‘

سینئر بلے باز شعیب ملک نے بھی قوم کو آزادی کی مبارک باد دی۔

اسپن باؤلر شاداب خان نے بھی جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس ملک نے مجھے سب کچھ دیا ہے، یہ میری پہچان ہے، پاکستان زندہ باد‘۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی ترقی میں چھوٹی سے چھوٹی کوشش ضرور کریں۔

انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعمیر و ترقی میں سب کا حصہ ضروری ہے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے لکھا کہ ’76 برس گزر گئے، اِسلام کے لئے گھروں کو چھوڑا، اللّٰہ نے پاکستان عطا کیا، یا اللّٰہ ہم سب کو پاکستان کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا کر، 76 ویں سالگرہ مبارک ہو‘۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے لکھا کہ ’الحمدللہ ہم ایک آزاد قوم ہیں۔ 14 اگست 1947 واقعی ہمارے لیے ایک یادگار دن رہا ہے۔‘

انہوں نے مداحوں سے سوال پوچھا کہ ’لیکن کیا آج ہم اپنے وطن کے لیے وہی محبت اور جذبہ رکھتے ہیں؟ ہمارے بزرگوں نے کیا قربانیاں دیں؟ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پر رحم فرمائے۔‘