پاکستان

پاکستان اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتا ہے، آرمی چیف

ہمیشہ یاد رکھیں، پاکستان ہماری پہچان اور ہمارے وجود کا جواز ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، جنرل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بانیانِ ملت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی محنت سے حاصل کی گئی آزادی کا دفاع کرنا جانتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آزادی کے 76 سال مکمل ہونے پر کاکول میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی میں منعقدہ ’آزادی پریڈ‘ کی تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے یوم آزادی کی اہمیت اور پاکستان کی تخلیق کے پس پردہ جذبے پر زور دیا جس کی بنیاد دو قومی نظریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے آزادی منانے، مساوات قائم کرنے اور مسرت کی تلاش کی روایت کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے، جسے ہمیں آئندہ بھی برقرار رکھنا چاہیے۔

جنرل عاصم منیر نے ملک کے بے پناہ وسائل اور نوجوانوں کے جوش و جذبے کی تعریف کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول پر قائم رہیں۔

جغرافیائی تنازعات سے لے کر اندرونی خطرات تک قوم کو درپیش بے شمار چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے آرمی چیف نے سخت لہجے میں واضح کیا کہ میں ہمارے عظیم قائد محمد علی جناحؒ کے الفاظ میں سب کو خبردار کرتا ہوں کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو ختم کر سکے، پاک فوج ہر قیمت پر پاکستان کی خود مختاری کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور خطے میں بھارتی اقدامات کے خلاف عالمی برادری کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کیے جانے کی مذمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کا ضمیر اس بات کا ادراک کرے کہ کشمیر میں بھارتی زیادتیوں کا تدارک نہیں کیا جا رہا اور ان کی آزادی اور حق خود ارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے۔

جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جو 2 دہائیوں سے دہشت گردی اور پراکسی جنگوں کے خلاف ڈٹ کر لڑ رہے ہیں۔

بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتا ہے اور جارحانہ عزائم سے نہیں گھبرائے گا، ہمیں آزادی ایک عظیم جدوجہد کے بعد ملی اور ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور ایران جیسے دیرینہ اتحادیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔

خطاب کے اختتام پر جنرل عاصم منیر نے قوم پر زور دیا کہ عوام متحد ہوکر کھڑے ہوں اور اپنی ذات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی خدمت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ یاد رکھیں، پاکستان ہماری پہچان اور ہمارے وجود کا جواز ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

ملک بھر میں 77واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اداکار فہد شیخ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش

افغان خواتین کے یونیورسٹی جانے کا فیصلہ ہیبت اللہ اخوندزادہ کریں گے، مشیر تعلیم