پاکستان

نگران وزیراعلیٰ سندھ کیلئے کافی نام سامنے آئے ہیں، قیادت سے مشاورت کریں گے، رعنا انصار

کوشش ہے کہ اتفاق ہو جائے لیکن کل تک نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا، قائد حزب اختلاف

تحلیل شدہ سندھ اسمبلی کی قائد حزب اختلاف اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رہنما رعنا انصار نے کہا ہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ سے نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور تھا لیکن نام زیادہ ہونے کی وجہ سے مشاورت پر وقت درکار ہے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے ناموں پر مشاورت کے سلسلے میں دوسری ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رعنا انصار نے کہا کہ جتنے مائیک میرے سامنے ہیں نگران وزیر اعلیٰ کے لیے سید مراد علی شاہ کی طرف سے اتنے نام تجویز کیے گئے ہیں، جو اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھے جائیں گے اور ان سے مشاورت کے بعد ہی آگے بڑھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجویز کیے گئے ناموں میں سے کسی ایک پر کل اتفاق ہونے کا امکان ہے، کوشش ہے کہ اتفاق ہو جائے لیکن کل تک نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور تحلیل شدہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رعنا انصار کے درمیان صوبے کے نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی پر اتفاق رائے کے لیے مشاورت کا پہلا دور ہوا تھا۔

تاہم ملاقات کے دوران دونوں جانب سے کوئی نام تجویز نہ کیے جانے کے سبب کوئی اہم پیش رفت نہ ہوسکی تھی۔

واضح رہے کہ 12 اگست کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کیے تھے۔

سندھ اسمبلی اس وقت تحلیل کی گئی جب 9 اگست کو قومی اسمبلی کو قبل از وقت تحلیل کردیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی کی طرح سندھ اسمبلی بھی مقررہ وقت سے قبل 11 اگست کو تحلیل کی گئی جہاں سندھ اسمبلی اپنی پانچ سالہ مدت 12 اگست کو پوری کرنے والی تھی۔

حکومت سندھ کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جیسا کہ وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت مجھے دیے گئے اختیارات کے استعمال اور دیگر دفعات کے تحت میں گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری بروز جمعہ، 11 اگست بوقت رات 9 بجے سندھ کی صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرتا ہوں۔

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ روسی خام تیل کی پروسیسنگ سے ’کترانے‘ لگی

’دو لوگ مختلف طریقوں سے جڑ سکتے ہیں‘، فیروز خان کی نجیبہ فیض اور اپنے متعلق افواہوں پر وضاحت

ریاض: سعودی عرب نے فلسطین کیلئے اپنا ’سفیر‘ نامزد کردیا