لائف اسٹائل

وہاج علی کے ساتھ کام کرنا اتفاق تھا اور ہماری کیمسٹری لوگوں کو پسند آئی، یمنیٰ زیدی

ماہرہ خان نے ہمیشہ مجھے سراہا ہے، ساتھی اداکاروں بالخصوص سینئرز کی جانب سے سراہنا بہت ضروری ہے، اداکارہ

اداکارہ یمنیٰ زیدی کہتی ہیں کہ ان کا اور اداکار وہاج علی کا کریئر بہترین رہا ہے، ڈراما تیرے بن میں وہاج کے ساتھ کام کرنا اتفاق تھا اور حیران کن طور پر لوگوں کو ہماری کیمسٹری بے حد پسند آئی۔

حال ہی میں اداکارہ ماہرہ خان کے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم میشن میں بشریٰ انصاری، مرینہ خان، ہما نواب ، زینب قیوم، یمنیٰ زیدی، سحر خان نے شرکت کی جہاں انہوں نے ڈرامے، کریئر اور دیگر موضوعات سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

اس راؤنڈ ٹیبل ایپیسوڈ میں تمام اداکاروں سے مختلف سوالات پوچھے گئے اور ہر سوال پر ہر اداکار کی رائے لی گئی۔

شوبز انڈسٹری کے ساتھی اداکاروں کی جانب سے ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان کہتی ہیں کہ اپنے کریئر کے دوران جب مجھے ساتھی اداکاروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا مجھے بہت دکھ ہوا اور میں ان باتوں سے بہت متاثر ہوئی اور جب انہی لوگوں نے مجھے سراہا تو بہت اچھا محسوس ہوا۔

جس پر یمنیٰ خان نے کہا کہ ماہرہ نے ہمیشہ کسی ٹوئٹ یا کمنٹ سیکشن پر انہیں سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ ساتھی اداکاروں بالخصوص سینئرز کی جانب سے سراہنا بہت ضروری ہے۔

سحر خان کہتی ہیں کہ مجھے یاد کہ جب یمنیٰ نے میری اداکاری کی تعریف کی تھی تو میرے آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

انڈسٹری میں کیا بہتری کی ضرورت ہے؟

میزبان کی جانب سے جب سوال پوچھا گیا کہ انڈسٹری میں کیا بہتری لانے کی ضرورت ہے تو سحر خان نے جواب دیا کہ ’میرے خیال میں ایسے کردار بننے چاہیے جس کی وجہ سے آگاہی پیدا ہو، ہماری انڈسٹری ہیرو اور ہیروئن کے کرداروں میں پھنس گئی ہے۔ ’

لوگ کہتے ہیں کہ ’ناظرین آگاہی دینے والی کہانیاں نہیں دیکھتی لیکن میرا خیال ہے ہم ناظرین کو وہ مواد نہیں دے پاتے تو لوگ کیسے دیکھیں گے؟ اگر ہم ایسے موضوعات پر ڈرامے بنائیں جن پر ہم بات کرنے سے بھی ڈرتے ہیں اور اداکار بھی ایسے کردار ادا کرنا چاہے تو میرے خیال سے انڈسٹری میں یہ بہتری آنے چاہیئے۔ ’

یمنیٰ خان، بشریٰ انصاری اور مرینہ خان نے کہا کہ ڈراموں کے اسکرپٹس اور مواد پر کام کرنے کی بہت ضروری ہے۔

ڈراموں میں رومانس سین پر بات کرتے ہوئے یمنیٰ خان نے کہا کہ میرے خیال میں میرا اور وہاج کا کام الگ نظریے سے دیکھا جائے تو ہم دونوں نے اپنے کریئر میں بہت اچھے کردار کیے ہیں، رومانس بھی ڈرامے کا حصہ ہے، ڈراما تیرے بن میں ہم دونوں نے اتفاق سے ایک ساتھ کام کیا تھا اور لوگوں کو ہماری کیمسٹری بہت پسند آئی۔

ماہرہ خان نے کہا کہ ’میں نے فواد خان کے ساتھ صرف ایک ڈراما کیا ہے، اچھا اسکرپٹ اور اچھا ڈائریکٹر ہو تو رومانوی سین کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوتی۔ ’

میزبان نے جب سوال پوچھا کہ آپ کے کریئر کےدوران وہ کونسا لمحہ تھا جب احساس ہوا کہ آپ نے کچھ بڑا کام کیا ہے۔

جس پر یمنیٰ زیدی نے جواب دیا کہ میں نے اپنے کریئر کے دوران بہت سارے پروجیکٹس کیے اور ناظرین کی جانب سے بہت سراہا گیا۔

یمنیٰ نے ڈرامے کا نام لیے بغیر بتایا کہ جب میں نے ایک ڈرامے میں مخصوص سین پرفارم کیا اور اس وقت جو میں محسوس کیا تب مجھے ایسا لگا کہ میں نے کچھ حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ احساس یوٹیوب اور ٹوئٹر ٹرینڈنگ کے بارے میں نہیں ہے، لیکن اس مخصوص سین پرفارم کرنے کے دوران جو میں نے محسوس کیا میرے خیال سے یہ اب تک کا سب سے بڑا لمحہ تھا اور آگے میں چاہتی ہوں کہ اپنے اداکاری میں مزید بہتری لاؤں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ماہرہ خان کہتی ہیں کہ ہم ڈراموں میں اذدواجی ریپ، کزن میرج اور دیگر سماجی مسائل دکھا سکتے ہیں لیکن اسے glorify نہیں کرسکتے، ماہرہ کی بات پر اتفاق کرتے ہوئے مرینہ خان کہتی ہیں کہ ایسے ڈرامے دکھانے سے پہلے وارننگ دینا ضروری ہے۔

جون 2023 میں سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے اے پلس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام چاکلیٹ ٹائمز میں شرکت کرتے ہوئے تبصرہ کیا تھا کہ ’یمنیٰ زیدی اوور ریٹڈ (جسے ضرورت سے زیادہ پذیرائی مل گئی ہو) اداکارہ ہیں۔‘

نادیہ افگن کے اس تبصرے پر انہیں سوشل میڈیا پر کئی بار ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، یمنیٰ زیدی کے مداحوں کی جانب سے ان پر سخت تنقید کی گئی یہی نہیں بلکہ پاکستان کی سینئر اداکاروں نے بھی نادیہ افگن کے تبصرے پر ردعمل دیا جن میں بشری انصاری اور نادیہ جمیل بھی شامل ہیں۔

مقبول ڈرامے ’تیرے بن‘ کا سیزن 2 بنانے کا اعلان

یمنیٰ زیدی آسکر ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ ہیں، نادیہ جمیل

'دل نا اُمید تو نہیں' کا شاندار اختتام، سوشل میڈیا پر یمنیٰ زیدی کی اداکاری کے چرچے