پاکستان

آٹھویں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟

پاکستان کے آٹھویں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ حکومت کی باگ ڈور ایسے وقت میں سنبھالیں گے جب ملک سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار ہے۔

پاکستان کے آٹھویں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ حکومت کی باگ ڈور ایسے وقت میں سنبھالیں گے جب ملک سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار ہے۔

وہ صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص ہوں گے جو ملک کے عبوری وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے، اس سے قبل جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو بھی یہ ذمے داریاں نبھا چکے ہیں۔

ان کی تقرری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سینیٹ میں ان کی چھ سالہ مدت کی تکمیل میں محض چند ماہ وقت باقی ہے اور مارچ 2024 میں ان کی سینیٹ کی رکنیت بھی اختتام پذیر ہو جائے گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق انوار الحق کاکڑ کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے ہے اور انہوں نے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ بلوچستان یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں۔

بی بی سی اردو نے نگران وزیر اعظم کی پروفائل میں کہا کہ وہ بیچلرز ڈگری کے حصول کے بعد قانون کی تعلیم کے لیے لندن گئے لیکن سیاست میں دلچسپی کی وجہ سے پاکستان واپس لوٹ آئے تھے۔

پروفائل میں مزید بتایا گیا کہ انوار الحق کاکڑ نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز مسلم لیگ(ن) سے کیا لیکن 1999 میں مرحوم جنرل پرویز مشرف کی جانب سے حکومت کا تکتہ الٹنے کے نتیجے میں نواز حکومت کے خاتمے کے بعد انہوں نے پارٹی سے دوریاں اختیار کر لی تھیں، اس کے بعد وہ مسلم لیگ(ن) سے منحرف ہونے والے رہنماؤں کی جانب سے بنائی گئی مسلم لیگ(ق) میں شامل ہو گئے تھے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ(ق) کے ٹکٹ پر کوئٹہ سٹی سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے تھے۔

اس کے بعد وہ مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے اور 2017 میں نواب ثنا اللہ زہری کے دور میں بلوچستان حکومت کے ترجمان مقرر ہوئے۔

انوار الحق کاکڑ مارچ 2018 میں مسلم لیگ(ن) کی حمایت سے آزاد حیثیت سے چھ سال کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تاہم اسی مہینے وہ مسلم لیگ(ن) سے منحرف ہونے والے اس گروپ کا حصہ بن گئے جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

نگران وزیر اعظم اس وقت بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان مقرر کیے گئے تھے اور ابھی تک سینیٹ کے رکن کی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کے چیئرپرسن اور بزنس ایڈوائزری کمیٹی، فنانس اینڈ ریونیو، خارجہ امور اور سائنس و ٹیکنالوجی کے رکن کے طور پر کام کیا۔

سینیٹر انوار الحق کاکڑ افغانستان اور خطے کے حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں اور وہ بطور سینیٹر امریکا، برطانیہ، روس، آسڑیلیا سمیت پورپ کے مختلف ممالک کادورہ کرچکے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کو مادری زبان پشتو کے علاوہ انگلش، فارسی، بلوچی،اردو اور براہوی زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے۔

انوار الحق کاکڑ بلوچستان کو درپیش مسائل پر گہری بصیرت رکھتے ہیں اور ان کی دانشورانہ سوچ اور بصیرت کے باعث ملک کی اعلیٰ یونیورسٹیز کے ساتھ ساتھ ہارورڈ اور برسلز جیسے نامور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں بھی انہیں اپنے خیالات کے اظہار اور تجزیے کے لیے بار بار مدعو کیا جاتا رہا ہے۔

امریکا: ہوائی کے جنگلات میں لگی آگ سے متعلق تحقیقات شروع کرنے کا اعلان

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل قوانین کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا دوبارہ حکم

شوٹنگ سیٹ پر اسکول کا ہوم ورک کرتی ہوں، عینا آصف