پی سی بی کا ایشیا کپ کے میچوں کے ٹکٹ آج سے فروخت کیلئے پیش کرنے کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2023 کے پاکستان میں ہونے والے میچز آج سے فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک ماہ قبل آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر ایشیا کپ کی میزبانی کریں گے۔
ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ آج 12 اگست کو pcb.bookme.pk پر فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے چار میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ باقی سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز بھی سری لنکا میں منعقد ہوں گے کیونکہ بھارتی بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو میزبان پاکستان اور نیپال کے درمیان شیڈول ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں مزید تین میچز کھیلے جائیں گے جس میں بنگلہ دیش اور افغانستان 3 ستمبر کو لاہور میں جبکہ سری لنکا اور افغانستان 5 ستمبر کو لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔
اس کے علاوہ سپر فور گروپ کا ایک میچ 6 ستمبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی اہم میچ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔
آج ایک پریس ریلیز میں پی سی بی نے کہا کہ 15 سال بعد پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد کی اہمیت کے پیش نظر ٹکٹوں کی قیمتیں بہت کم مقرر کی گئی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ شائقین اپنی ٹیم اور ایشین کرکٹ اسٹارز کو قریب سے دیکھ سکیں۔
پہلے مرحلے کے دوران پی سی بی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم دونوں میں وی آئی پی اور پریمیم انکلوژرز کی قیمتوں کی نقاب کشائی کرے گا، 14 اگست کو بورڈ فرسٹ کلاس اور جنرل انکلوژرز کی قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان پی سی بی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جائے گا۔
بورڈ نے مزید کہا کہ سری لنکا میں ہونے والے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان مناسب موقع پر کیا جائے گا۔