پاکستان

عمران خان کی گرفتاری پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امریکا

ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
|

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، تاہم آزاد مبصرین نے خبردار کیا کہ اس سے سیاسی بحران مزید بڑھے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے تبصرے کے لیے رابطہ کیے جانے پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان اور دیگر سیاست دانوں کے خلاف مقدمات اندرونی معاملہ ہیں، ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے ہیں۔

امریکی اراکین پارلیمنٹ اس حوالے سے خاموش نظرآئے، جو عموماً عمران خان اور ان کی سیاست کی حمایت کرتے ہیں، تاہم سیاسی مبصرین اور تھنک ٹینک کے ماہرین نے زیادہ کھل کر رائے دی۔

واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں جنوبی ایشیائی امور کے اسکالر مائیکل کوگلمین نے ٹوئٹ کیا کہ ’کچھ عرصہ قبل پاکستان کا سیاسی بحران ذرا کم ہوتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، حکومت نے عہدہ چھوڑنے اور انتخابات کی تیاری کے لیے نگران حکومت کو راستہ دینےکا وعدہ کیا تھا، لیکن اب عمران خان کی دوبارہ گرفتاری کے بعد انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔‘

رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایک وزیر اعظم کو اقامہ پر سزا سنائی گئی اور اب دوسرے وزیراعظم کو کلائی کی گھڑی بیچنے پر، سیاست دان ایسے معمولی معاملات پر بدنام ہو جاتے ہیں جبکہ ’دوسرے‘ اس سے زیادہ سنگین الزامات کے باوجود فرار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سیاست دان استعمال ہوتے رہتے ہیں اور پھر عمران خان کی طرح ضائع ہو جاتے ہیں، ہم اسی طرح دائروں میں گھومتے رہتے ہیں۔

گزشتہ روز لندن میں عمران خان کے کئی حامی ان کی گرفتاری کے خلاف پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہوئے۔

پی ٹی آئی کے ایک نمایاں کارکن شایان علی نے عمران خان کے حامیوں سے گزشتہ روز سہ پہر لونڈیس اسکوائر میں پاکستان مشن کے باہر جمع ہونے کو کہا تھا، بارش کے باوجود پی ٹی آئی کے حامی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

نئی مردم شماری کے نتائج کی متفقہ منظوری، انتخابات آئندہ برس مارچ-اپریل تک ملتوی ہونے کا خدشہ

’پاکستان کیلئے سیاہ دن‘، عمران خان کو قید کی سزا سنانے پر شوبز شخصیات کا ردعمل

فلسطینی شہری کے قتل کے الزام میں سابق رکن اسمبلی کے معاون سمیت دو افراد گرفتار