کھیل

ایشین چیمپیئنز ہاکی ٹرافی: پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر

عبدالحنان شاہد نے 18ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، 53ویں منٹ میں جیون ینگ کے گول کے ذریعے کوریا نے مقابلہ برابر کردیا۔

بھارت میں جاری ایشین چیمپیئنز ہاکی ٹرافی میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر رہا۔

بھارت کے شہر چنائی میں جاری ایشین چیمپیئنز ہاکی ٹرافی میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

پاکستان کو جلد ہی کامیابی نصیب ہوئی اور 18ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں جنوبی کوریا کو بھی اپنی کوششوں کا ثمر ملا اور 53ویں منٹ میں جیون ینگ کے گول کے ذریعے کوریا نے مقابلہ برابر کر دیا اور یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

یاد رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کا ٹورنامنٹ کا پہلا میچ گزشتہ روز ملائیشیا سے ہوا تھا جس میں قومی ٹیم کو 1-3 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

پاکستان کی ٹیم اپنا تیسرا میچ 6 اگست کو جاپان، چوتھا میچ 7 اگست کو چین اور پانچواں میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

دوسری جانب بھارت اور جاپان کے درمیان میچ بھی دلچسپ مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر رہا۔

جاپان اور بھارت نے پہلے کوارٹر میں گول کی بہت کوششیں کیں لیکن یہ کوششیں رائیگاں گئیں البتہ دوسرے کوارٹر میں جاپان کے کین ناگایوشی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

تاہم جاپان کی یہ خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور تیسرے کوارٹر میں پرمن پریت سنگھ نے گیند گول میں پھینک کر مقابلہ برابر کردیا اور یہ مقابلہ 1-1 کے ساتھ برابری پر منتج ہوا۔