کھیل

انگلینڈ کی ’بیزبال سوچ‘ کا اصل امتحان آئندہ سال دورہ بھارت میں ہو گا، ناصر حسین

یہ بیز بال کا اگلا امتحان ہوگا، ہر کوئی جانتا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں بھارت سخت ترین چیلنجز میں سے ایک ہے، سابق انگلش کپتان

انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہا ہے کہ حالیہ عرصے میں انگلینڈ کی مقبول زمانہ ’بیز بال‘ سوچ کا اصل امتحان آئندہ سال بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہو گا۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق انگلینڈ کے کوچ برینڈن میک کولم اور کپتان بین اسٹوکس کی جارحانہ انداز میں کھیل کی حامل ’بیز بال‘ سوچ نے بے انتہا مقبولیت حاصل کی، جہاں اس سوچ سے ناصرف ٹیسٹ میچز نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں بلکہ شائقین کو بھی جارحانہ کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں معدوم نظر آتی تھی۔

انگلینڈ نے اپنی اسی سوچ کو ایشز سیریز میں بھی عملی جامہ پہنایا جہاں ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد اس حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن پھر انگلینڈ نے اپنی اسی سوچ سے اگلے تین میں سے دو میچ جیت کر سیریز برابر کردی جبکہ تیسرے میچ میں بارش مداخلت نہ کرتی تو وہ میچ بھی انگلش ٹیم باآسانی اپنے نام کر لیتی۔

البتہ انگلینڈ کا اصل امتحان آئندہ سال اسپنرز کے لیے سازگار بھارتی سرزمین پر ہو گا جہاں 2021 میں جو روٹ کی زیر سربراہی اپنے سابقہ دورے کے دوران اسے 1-3 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چنئی میں پیدا ہونے والے سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے کہا کہ یہ بیز بال کا اگلا امتحان ہو گا، اگلا چیلنج بھارت ہے اور ہر کوئی جانتا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں بھارت سخت ترین چیلنجز میں سے ایک ہے۔

حالیہ کچھ عرصے میں بالخصوص ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ متعارف کرائے جانے کے بعد بھارت نے ہوم ایڈوانٹیج کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور اسپن کے لیے سازگار وکٹوں کا جال بُن کر مہمان ٹیموں کی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کر دیا۔

ناصر حسین نے کہا کہ یہ بیزبال کا اسپن سے مقابلہ ہوگا، یہ بیزبال کا ایشون، جدیجا اور اکشر پٹیل سے مقابلہ ہو گا جو دلچسپی کا حامل ہو گا۔

زیک کرالی انگلینڈ کی جارح مزاج حکمت عملی کی حامل بیٹنگ لائن کا اہم حصہ ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ دورہ بھارت ٹیسٹ کرکٹ کے اس نئے فلسفے کے امتحان کا شان دار موقع ہو گا۔

2021 کے دورہ بھارت کے دوران 4 اننگز میں 67 رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ میں ان کے میدانوں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تاہم بھارت میں کبھی کبھار گیند تھوڑی بہت سیم اور سوئنگ بھی ہوتی ہے اور ان کے پاس کچھ عمدہ سیم باؤلرز ہیں تو مجھے امید ہے کہ وہاں کچھ وکٹیں ایسی ہوں گی جو ہمارے لیے بھی تھوڑی بہت معاون ثابت ہوں گی۔

زیک کرالی نے کہا کہ اگر اسپن وکٹیں ہوئیں تو بھی ہم اسپن کو کافی اچھا کھیل لیتے ہیں، ہمیں بس وہاں کے ماحول میں خود کو ڈھالنا ہے پھر دیکھتے ہیں کیا بنتا ہے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 29 جنوری کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا جبکہ ویزاگ، رانچی، راج کوٹ اور دھرمشالا سیریز کے بقیہ میچز کی میزبانی کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی رہائی ملنے کے بعد پھر گرفتار

قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد ڈنمارک نے بھی سرحدوں کی سیکیورٹی سخت کردی

بھارتی فلموں میں مرکزی کردار کیلئے کاسٹ کیوں نہیں کیا جاتا؟ نورا فتیحی نے وجہ بتادی