دنیا

جسٹن ٹروڈو اور صوفی کا 18سال کی شادی کے بعد علیحدگی کا اعلان

کینیڈین وزیر اعظم اور صوفی گریگوئر کی شادی مئی 2005 کے آخر میں ہوئی تھی اور دونوں کے تین بچے ہیں۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ صوفی کے درمیان شادی کے 18سال بعد علیحدگی ہو گئی ہے اور دونوں نے ایک قانونی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق 51 سالہ جسٹن ٹروڈو اور 48 سالہ صوفی گریگوئر ٹروڈیو کی شادی مئی 2005 کے آخر میں ہوئی تھی اور دونوں کے تین بچے ہیں۔

ٹروڈو نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ صوفی اور میں یہ حقیقت بتانا چاہیں گے کہ بہت سی معنی خیز اور مشکل بات چیت کے بعد ہم نے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم کی سابق اہلیہ صوفی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایسا ہی پیغام پوسٹ کیا۔

ٹروڈو کے دفتر سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے قانونی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں نے قانونی معاہدہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے کہ ان کے علیحدگی کے فیصلے کے حوالے سے تمام قانونی اور اخلاقی اقدامات مکمل ہوں اور آگے بھی ایسا کرتے رہیں گے۔

2015 کے آخر میں ٹروڈو کے وزیر اعظم بننے کے بعد ٹروڈو اور صوفی کو اکثر سماجی تقریبات اور غیر ملکی دوروں پر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا لیکن حالیہ چند برسوں میں صوفی اپنے شوہر کے ساتھ اس طرح کی تقریبات پر کم کم ہی نظر آتی تھیں۔

دونوں نے رواں سال مئی میں کنگ چارلس کی تاجپوشی کے لیے لندن ساتھ سفر کیا تھا جبکہ مارچ کے آخر میں امریکی صدر جو بائیڈن کے دورے کے دوران بھی دونوں ساتھ تھے۔

ٹروڈو نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس کی اور اس رات ٹورنٹو سب وے کا سفر بھی کیا تھا لیکن پچھلے دو دنوں کے دوران وہ عوام میں نظر نہیں آئے تھے۔

دفتر نے دونوں فریقین کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ٹروڈو اور صوفی ایک قریبی خاندان بنے رہیں گے اور دونوں کی نظریں اپنے بچوں کی محفوظ اور باہمی تعاون کے حامل ماحول میں پرورش کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔

مئی 2022 میں شادی کی سالگرہ کے موقع پر اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں صوفی گریگوئر نے طویل مدتی تعلقات کے چیلنجوں کے بارے میں لکھتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے کڑی، شدید طوفانوں سمیت ہر چیز کا سامنا کیا ہے۔

صوفی گریگوئر ایک ٹی وی پر میزبان تھیں، ٹروڈو اور انہوں نے 2003 میں ڈیٹنگ کا آغاز کیا تھا اور وہ ذہنی امراض اور کھانے کے مسائل سے دوچار افراد کے لیے کام کرنے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔