گوگل اور اوپو کو ٹکر دینے کیلئے سام سنگ نے 2 فولڈ ایبل فونز متعارف کروادیے
اسمارٹ موبائل فون بنانے والی جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ نے دو نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز لانچ کردیے ہیں جو پہلے کے ماڈلز کے مقابلے زیادہ پتلے اور ہلکے ہیں، کمپنی نے ساتھ ہی ایک ٹیبلٹ اور 2 نئی اسمارٹ واچز بھی متعارف کر دی ہیں۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے گلیکسی زیڈ فلپ 5 اور گلیکسی فولڈ 5 متعارف کروائے ہیں، اس کے علاوہ گلیکسی ٹیبلٹ ایس 9 اور گلیکسی واچ 6 اور واچ 6 کلاسک اسمارٹ واچز بھی متعارف کروائی ہیں۔
فولڈ ایبل فون کی دنیا میں سام سنگ سب سے زیادہ آگے دکھائی دیتا ہے جس کے بعد اوپو، لینووو، موٹورولا اور ہواوے شامل ہیں۔
اس سے قبل گوگل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون متعارف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پہلی ٹیزر ویڈیو جاری کی تھی۔
گلیکسی زیڈ فلپ 5
سام سنگ کا نیا فولڈ ایبل فون گلیکسی زیڈ فلپ 5 سام سنگ کے پچھلے ماڈل کے مقابلے زیادہ پتلا ہے اور استعمال کرنے میں زیادہ آرام دہ ہے۔
یہ فون پانی اور دھول سے اپنے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔
اس کی کوور اسکرین 3.4 انچ ہے جب کہ مین اسکرین 6.4 انچ کی ہے۔
سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فلپ فون میں Qualcomm کے اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 2 کا چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے، اس میں 8 جی بی ریم اور 256 جی بی یا 512 جی بی اسٹوریج ہے۔
اس میں 25 واٹ فاسٹ چارجنگ، وائرلیس چارجنگ، اور وائرلیس پاور شیئر کی صلاحیتوں کے ساتھ 3 ہزار 700 ایم اے ایچ کی دو بیٹریاں ہے۔
اس کے علاوہ 5 جی اور وائی فائی 6 ای، بلیوٹوتھ 5.3 کنیکٹوٹی شامل ہے۔ صارفین کو ایک نینو سم کارڈ اور ایک ای سم بھی فراہم کی جائے گی۔
اس فون کی بیرونی اسکرین گوریلا گلاس ویکٹس 2 کے ذریعے محفوظ ہے اور سام سنگ کا کہنا ہے کہ فولڈ ایبل ڈسپلے میں ایک نئی شاک ڈسپرژن لیئر (shock dispersion layer) ہے جو اسے مزید لچکدار بناتی ہے۔
کیمرے کی بات کی جائے تو اس میں بہت زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی، درحقیقت، گلیکسی زیڈ فلپ 5 کا کیمرہ پچھلے ماڈل جیسا ہی ہے۔
فولڈ ایبل فلپ فون میں ڈوئل 12 میگا پکسل کیمرہ سیٹ اپ ہے، وائڈ اینگل کیمرے میں 1.8 اپرچر، 1.8 مائیکرون پکسلز، 83 ڈگری کا فیلڈ آف ویو، ڈوئل پکسل آٹو فوکس، اور آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن ہے۔
فولڈ ایبل فون میں سام سنگ کو چینی کمپنی سے مقابلے کا سامنا ہے کیونکہ فروری میں چینی وینڈر اوپو نے فائنڈ این 2 فلپ لانچ کیا تھا۔
اس کے علاوہ اس سال کے آخر میں موٹورولا اپنا فولڈ ایبل فون ریزر کا نیا ورژن متعارف کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
سام سنگ نے اپنا پہلا فولڈ ایبل فون 2019 میں لانچ کیا تھا جبکہ 2022 میں کمپنی نے عالمی سطح پر فولڈ ایبل فون کی ترسیل میں 80 فیصد شیئرز حاصل کیے تھے، تاہم اب توقع ہے کہ فولڈ ایبل فون کی ترسیل 2023 میں دگنی ہو کر 3 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
سام سنگ کے اس نئے اسمارٹ فون کی قیمت 999.99 ڈالر رکھی گئی ہے۔
گلیکسی فولڈ 5
گلیکسی کا نیا فون فولڈ 5 بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کی ڈسپلے اسکرین 6.2 انچ ہے جب کہ مین اسکرین 7.6 انچ کی ہے۔
اس نئے ماڈل میں گیمنگ یا ملٹی ٹاسکنگ کے دوران ہیٹ کے بہتر انتظام کے لیے ایک بڑا ویپر چیمبر لگایا گیا ہے۔
یہ پچھلے ماڈل کے مقابلے 2.4 ملی میٹر زیادہ ہلکا اور پتلا رکھا گیا ہے۔
اس ماڈل میں بھی Qualcomm کے اسنیپ ڈراگن 8 جنریشن 2 کا چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے۔
اس میں 12 جی بی ریم اور 256 جی بی یا 1 آئی ٹی بی اسٹوریج ہے، اس کے علاوہ 4 ہزار 400 ایم اے ایچ بیٹری بھی موجود ہے۔
کیمرہ کی بات کی جائے تو گلیکسی فولڈ 5 میں 10 میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے۔
اس کی قیمت امریکا میں تقریباً ایک ہزار 800 ڈالر سے شروع ہوگی۔
سام سنگ کے متعارف کیے گئے دونوں اسمارٹ فونز کے نئے ماڈلز کی قیمت پچھلے 2 سالوں میں متعارف ہونے والے فولڈ ایبل ماڈلز کے موبائل کی قیمتوں کے برابر ہی ہے۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے مطابق 2019 اور 2022 کے درمیان دنیا بھر میں فولڈ ایبلز کی ترسیل 6 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، کمپنی کو توقع ہے کہ 2027 تک ترسیل 10 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی، جو پریمیم مارکیٹ کا تقریباً 38 فیصد حصہ بنتی ہے۔
سام سنگ میں موبائل پروڈکٹ مینیجر کے نائب صدر ڈریو بلیکارڈ نے کہا کہ مستقبل میں فون کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور فولڈ ایبل فونز ایک دن بہترین ڈیوائسز بن جائیں گی۔