پاکستان

’دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں‘، دفتر خارجہ کا بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان پر ردعمل

سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے بھارت کی عوامی گفتگو میں پاکستان کو گھسیٹنے کا رواج ختم کرنے کی ضرورت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کا یہ ردعمل بھارتی وزیر دفاع کے اس بیان پر سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر ہمیں اکسایا گیا تو بھارتی فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو پار کر سکتی ہے۔

’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی وزیر نے کارگل جنگ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ جب بھی جنگ کی صورتحال آئی ہے تو ہمارے عوام نے ہمیشہ افواج کی حمایت کی ہے اور یہ حمایت بالواسطہ رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت اپنی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر ایل او سی بھی عبور کر سکتا ہے۔

بھارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ راجناتھ سنگھ نے یہ بیان آنے والے عام انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا ہے۔

راجناتھ سنگھ کے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے یاد دہانی کروائی کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارت کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں انتہائی غیر ذمہ دارانہ تبصرے کیے ہیں، اس طرح کے جنگی تعصبات پر مبنی بیانات کو روکا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت یہ بات ذہن نشین کرلے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے بھارت کی عوامی گفتگو میں پاکستان کو گھسیٹنے کا رواج ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

ایف بی آر نے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے

ماضی میں محبت ہوئی تھی، ابھی شادی کے لیے کم عمر ہوں، ہاظم بنگوار

بھارت: منی پورنسلی فسادات پر مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد