دنیا

ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کروانے والی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

بیٹے کو جنم دینے والی خاتون میں چار سال قبل گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔

گردوں کی خرابی کے مرض میں مبتلا اور ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کروانے والی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔

خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کروانے والی 38 سالہ اماراتی خاتون العین کے ہاں چند دن قبل بیٹے کی پدائش ہوئی۔

بیٹے کو جنم دینے والی خاتون میں چار سال قبل گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ تب سے ابھی تک ہفتے میں تین بار ڈائیلاسز کے عمل سے گزرتی ہیں۔

ڈائیلاسز کا عمل انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے، جس میں گردوں کی بیماری میں مبتلا مریض کے جسم میں سوئیاں اور نلکیاں لگا کر اس کے جسم کے پورے خون کو مشین سے گزار کر صاف کیا جاتا ہے جب کہ یہی عمل انسانی جسم میں گردے ازخود دہراتے رہتے ہیں۔

اگر ڈائیلاسز کی ضرورت والے مریض مذکورہ عمل سے نہ گزریں تو ان کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

ڈائیلاسز سے گزرنے والی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش پر وہاں کے ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے،کیوں کہ ایسا انتہائی کم اور نایاب کیسز میں ہوتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ڈائیلاسز کے دوران متعدد پیچیدگیوں کے باعث حمل نہیں ٹھہر پاتا لیکن اگر ایسا ہوجائے تو حمل ضائع ہونے کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں جب کہ خاتون کے لیے پیچیدگیاں بھی زیادہ ہوجاتی ہیں۔

ڈائیلاسز کے باوجود بچے کو جنم دینے والی خاتون کی عمر بھی زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز پریشان تھے جب کہ انہیں شوگر اور بلڈ پریشر سمیت دیگر طبی پیچیدگیاں بھی تھیں۔

خاتون کے مطابق گزشتہ برس جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ امید سے ہیں، تب ہی انہوں نے ہر حال میں بچے کو جنم دینے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ اپنے ڈاکٹرز اور شوہر کی شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کا بہت خیال رکھا۔

خاتون نے 38 برس کی عمر میں متعدد طبی پیچیدگیوں کے باوجود بچے کو جنم دینے کے بعد اب خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ’ان وائٹرو فرٹیلیٹی (آئی وی ایف) کے ذریعے بچے کو جنم دیں گی۔

آئی وی ایف کے علاج کے ذریعے بانجھ پن کے مسائل سے دوچار خواتین کے انڈوں اور مرد حضرات کے اسپرم کو ادویات کے ذریعے ملایا جاتا ہے۔

ڈائیلاسز کے عمل سے گزرنے والی خاتون کے ہاں حمل ٹھہرنے اور ان کے ہاں محفوظ طریقے سے بچے کی پیدائش پر ماہرین صحت بھی حیران ہیں اور انہوں نے اسے معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کیسز میں تقریبا تمام حمل ضائع ہوجاتے ہیں۔

آئی وی ایف علاج کے بعد قدرتی طور پر حمل ٹھہرنے کا انکشاف

مصنوعی گردوں کے ذریعے ڈائیلاسز کے عمل میں کامیاب پیشرفت

کورونا سے صحتیاب لاکھوں افراد میں گردوں کے امراض کے خطرے کا انتباہ