سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ نیلے پرندے والا لوگو اس کا سب سے زیادہ قابل شناخت اثاثہ ہے، اسی لیے ہم اس کا بہت تحفظ کرتے ہیں، رپورٹ

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کمپنی کا لوگو تبدیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی ہم ٹوئٹر برانڈ (بلیو برڈ) اور آہستہ آہستہ تمام پرندوں کو الوداع کہہ دیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ اگر آج رات بہت اچھا (ایکس) لوگو پوسٹ کیا جاتا ہے، تو ہم اسے کل پوری دنیا میں لائیو کر دیں گے۔

ایلون مسک نے ٹمٹماتے ’ایکس‘ کی تصویر پوسٹ کی، اور بعد میں ٹوئٹر اسپیسز آڈیو چیٹ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹوئٹر کا لوگو بدل جائے گا تو ’ہاں‘ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا‘۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کی طرف سے ٹوئٹر خریدنے کے بعد کمپنی نے کاروباری نام تبدیل کرکے ’ایکس کارپوریشن‘ کردیا ہے جس سے ایلون مسک کا چینی سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’وی چیٹ‘ کی طرح ایک ’سپر ایپلی کیشن‘ بنانے کا خیال ظاہر ہوتا ہے۔

تاہم کمپنی کی طرف سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ادھر ٹوئٹر کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نیلے پرندے والا اس کا لوگو اس کا سب سے زیادہ قابل شناخت اثاثہ ہے، اسی لیے ہم اس کا بہت تحفظ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے کمپنی کے لوگو ’بلیو برڈ‘ کو کرپٹو کرنسی ’ڈوج کوائن‘ کے لوگو سے تبدیل کردیا تھا۔

علاوہ ازیں کمپنی کو اس وقت صارفین اور مارکیٹنگ کے پیشہ ور افراد کی جانب سے بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ایلون مسک نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر اس بات کو محدود کرے گا کہ مختلف اکاؤنٹس روزانہ کتنی ٹوئٹس پڑھ سکتے ہیں۔

کمپنی کی طرف سے اس طرح کی حدود نے میٹا کی طرف سے لائی جانے والی حریف سروس ’تھریڈز‘ کی مدد کی، جہاں لانچ کے پانچ دنوں کے اندر 10 کروڑ صارفین نے سائن اَپ کیا۔

ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل: بھارت کو شکست دے کر پاکستان ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

گن پوائنٹ پر شادی کرنی پڑی تو مہوش حیات سے کروں گا، حسن شہریار یٰسین

بنگلہ دیش: مسافر بس تالاب میں گر گئی، 17 افراد ہلاک، 53 زخمی