پیپلزپارٹی کی چیف جسٹس، آرمی چیف سمیت اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول میں کمی کی تجویز
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، ہائی کورٹس کے ججز، چیف آف آرمی اسٹاف اور دفاعی اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول میں کمی کی تجویز دے دی۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم پاکستان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز ، وفاقی اور صوبائی وزرا کو دی جانے والی بجلی اور پیٹرول کی مقدار میں 50 فیصد کٹوتی کی بھی تجویز دی۔
اپنے ایک جاری بیان میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کو ریلیف دینے کے لیے اشرافیہ اضافی بوجھ برداشت کرکے قربانی کی مثال قائم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف پر یقین رکھتی ہے، بجلی کے 300 تک یونٹ استعمال کرنے والے متوسط اور غریب طبقے کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں ایئر کنڈیشن کا استعمال کم سے کم کیا جائے، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز ، وفاقی اور صوبائی وزرا بجلی اور پیٹرول استعمال کرنے میں 50 فی صد کمی کریں، صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی و صوبائی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز غیر ضروری پروٹوکول ختم کریں۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، ہائی کورٹ کے ججز، چیف آف آرمی اسٹاف اور دفاعی اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول کے لیے زیر استعمال گاڑیوں کی تعداد میں کمی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی، عدالتی اور ریاستی ذمہ داران پر اخراجات میں 50 فی صد کمی پر عمل سے خزانے پر بوجھ کم کیا جائے، اخراجات کٹوتی سے بچنے والی رقم کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی مد میں استعمال کیا جائے۔