پاکستان

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے چیف سیکیورٹی افسر گرفتار، منشیات، قابل اعتراض ویڈیوز برآمد

ملزم کے پاس سے 2 موبائل فون برآمد ہوئے جس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے اہلکاروں اور طالبات کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز تھیں، پولیس

پولیس نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے چیف سیکیورٹی افسر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مبینہ طور پر آئس (کرسٹل میتھ) اور افروڈیزیاک کے علاوہ دو موبائل فونز سے یونیورسٹی کے اہلکاروں اور طلبہ کی متعدد قابل اعتراض ویڈیوز برآمد کی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے بغداد الجدید تھانے کے سب انسپکٹر محمد افضل نواز کی شکایت پر درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس کے ناکے پر ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔

پولیس کو دیکھ کر کار ڈرائیور نے واپس جانے کی کوشش کی لیکن اہلکاروں نے گاڑی کو روک لیا، کار کی تلاشی لی گئی تو ملزم کے قبضے سے 10 گرام آئس اور افروڈیزیاک برآمد ہوا۔

کار ڈرائیور نے اپنا تعارف اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے چیف سیکیورٹی افسر سید اعجاز حسین شاہ کے طور پر کرایا جو کہ محمدیہ کالونی، بہاولپور کا رہائشی ہے۔

ایف آئی آر میں مزید الزام لگایا گیا کہ ملزم کے پاس موجود دو موبائل سیٹس میں متعدد قابل اعتراض ویڈیوز اور خواتین کی تصاویر تھیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے آئس کے استعمال اور فروخت کا اعتراف کیا اور یہ کہ قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے اہلکاروں اور طالبات کی تھیں۔

بغداد الجدید کے ایس ایچ او عابد حامد نے ڈان کو بتایا کہ پولیس نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر اعجاز شاہ کی گاڑی کی تلاشی لی، پولیس تعلیمی اداروں سے منشیات فروشوں کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے۔

جب ڈان نے اس معاملے پر یونیورسٹی کا مؤقف لینے کے لیے آئی یو بی کے ترجمان شہزاد خالد سے رابطہ کیا تو موبائل فون کالز کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ پیغامات کا بھی کوئی جواب نہیں ملا۔

تاہم ڈان کو معلوم ہوا کہ ایک ریٹائرڈ آرمی میجر سید اعجاز شاہ کو کئی سال قبل سابق وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں ملازمت دی تھی، جامعہ کی ویب سائٹ پر بھی ان کا ذکر یونیورسٹی کے چیف سیکیورٹی افسر کے طور پر موجود ہے۔

دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یزمان اور ہیڈ راجکان میں خاتون سمیت دو منشیات فروشوں کو منشیات رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ محمد سرور سے ڈیڑھ کلو چرس اور 20 گرام کرسٹل جبکہ عقیلہ زینب سے 300 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

بہاولپور کی صدر پولیس نے جابر عرف شائرہ کو گرفتار کر کے اس سے 5.4 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ملزمان متعدد تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔

وزن کے بارے میں متفکر افراد کیلئے خوشخبری، مینیو کارڈ پر کیلوریز کاؤنٹ لکھنے کا فیصلہ

سندھ اسمبلی: بلدیاتی حکومت کے سربراہان کو زیادہ اختیارات دینے کا ترمیمی بل منظور

مجھے نااہل قرار دینے کیلئے سائفر کا معاملہ سامنے لایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی