صحت

سبز چائے کا یومیہ استعمال نظام ہاضمہ کے لیے فائدہ مند

سبز چائے کا یومیہ استعمال نہ صرف بلڈ شوگر کی سطح کم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے بلکہ اس سے نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔

ایک مختصر مگر انتہائی اہمیت کی حامل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے کا یومیہ استعمال نہ صرف بلڈ شوگر کی سطح کم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے بلکہ اس سے نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔

اس سے قبل ہونے والی کئی تحقیقات سے بھی سبز چائے کے متعدد فوائد سامنے آ چکے ہیں، بعض تحقیقات میں تو اسے کینسر کے امکانات کم کرنے میں بھی مددگار دیا جا چکا ہے۔

اب امریکی ماہرین کی ایک مختصر تحقیق سے بھی اس کے فوائد سامنے آئے ہیں، جن کے تحت اس کا یومیہ استعمال آنتوں کی سوزش سمیت غذائی نالی کی سوزش کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکا کی اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے 40 مرد و خواتین پر سبز چائے کے اثرات جانچنے کے لیے مختصر تحقیق کی۔

ماہرین نے ایسے رضاکاروں کو تحقیق کا حصہ بنایا، جس میں سے نصف افراد ہائی بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر سمیت نطام ہاضمہ کے مسائل میں مبتلا تھے جب کہ باقی افراد صحت مند تھے۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کو دو حصوں میں تقسیم کیا، جس میں ایک گروپ کو فرضی دوائی استعمال کرنے کی ہدایات کی گئیں جب کہ دوسرے گروپ کو سبز چائے کے اجزا کو بطور دوائی استعمال کرنے کا گہا گیا۔

ماہرین نے تحقیق سے قبل بیمار افراد کی بیماری کی نوعیت کو چیک کیا تھا جب کہ 28 دن بعد تحقیق مکمل ہونے پر دوبارہ ان کا طبی جائزہ لیا گیا، جس سے حیران کن نتائج سامنے آئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سبز چائے کے یومیہ استعمال سے آنتوں اور غذائی نالی سمیت معدے اور دیگر نظام ہاضمہ کے اعضا کی سوزش یا ورم ہوتا ہے اور اس سے ہاضمہ بہتر بنتا ہے۔

اسی طرح ہاضمہ بہتر بننے کی وجہ سے انسانی جسم انسولین کی مقدار درست انداز میں پیدا کرتا ہے، جس سے بلڈ شوگر کی سطح نارمل رہتی ہے، یعنی اس میں شوگر کی مقدار زیادہ نہیں بنتی۔

ماہرین کے مطابق سبز چائے کا یومیہ کولیسٹرول کو بہتر بنانے سمیت بلڈ شوگر کی سطح کو نارمل رکھنے میں بھی مددگار ہوسکتا ہے جب کہ اس سے ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔

ماہرین نے تجویز دی کہ عام افراد کو یومیہ 4 سے 5 بار سبز چائے کا استعمال کرنا چاہئیے، تاہم اس سے کم استعمال بھی فائدہ دے سکتا ہے۔

سبز چائے پینے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

پودینے کی چائے پینا کوئی نقصان تو نہیں پہنچاتا؟

سبز چائے پینے کے یہ فائدے جانتے ہیں؟