کھیل

گال ٹیسٹ: سری لنکا 279 پر آؤٹ، 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 3 بلے باز آؤٹ

سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 3 بلے باز 48 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے گال ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا کی جانب سے میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر جیت کے لیے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 48 رنز بنائے اور 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے 14 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے دن کے اختتامی لمحات میں دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنا لیے تھے، اس طرح اس کا پہلی اننگز کا خسارہ کم ہو کر 135 رنز رہ گیا تھا۔

چوتھے روز سری لنکا کے اوپنر نیشان مادھشکا 8 اور دیمتھ کرونارتنے نے 6 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی پاکستان کو پہلی کامیابی ملی اور دیمتھ کرونارتنے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ اسپنر ابرار احمد کا نشانہ بنے۔

اس کے بعد 79 رنزکے مجموعے پر کوشل مینڈس 18 رنز کے انفرادی اسکور پر نعمان علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز کو بھی نعمان علی نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ صرف 7 رنز بناسکے۔

نیشان مدھشکا نصف سنچری بنانے کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، 52 رنز بنانے والے بلے باز کی وکٹ بھی بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے حاصل کی۔

دوسرے اینڈ سے پہلی اننگز کے ہیرو دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی شان دار فارم کا سلسہ جاری رکھا اور ایک اور بہترین باری کھیل کر اپنی ٹیم کو اننگز میں بہتر مجموعے تک رسائی دلانے کا بیڑا اٹھایا۔

اس دوران دنیش چندیمل کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 28 کے انفرادی اسکور پر آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے اور اس مرحلے پر سری لنکا کی آدھی ٹیم 159 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

سری لنکا کو چھٹا نقصان 175 رنز پر سدیرا سماراوکراما کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 11 رنز بنا کر آغا سلمان کا شکار بنے۔

سری لنکا کے ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے 76 رنز کی شراکت قائم کرکے سری لنکا کا مجموعہ بہتر مقام تک پہنچا دیا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، ابرار نے رمیش مینڈس کی 42 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد وہ دوسری نئی گیند پر پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔

شاہین آفریدی نے جلد ہی پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے پرباتھ جےسوریا کو بھی شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا، وہ 10 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کے آخری کھلاڑی کاسن راجیتھا کو ابرار احمد نے 5 رنز پر چلتا کیا اور اس طرح پوری سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا۔

نعمان علی اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور آغا سلمان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم نے ایک آسان ہدف کا آغاز کیا تو 16 کے اسکور پر عبداللہ شفیق کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، جنہوں نے 8 رنز بنائے اور جے سوریا کی وکٹ بنے۔

تجربہ کار شان مسعود بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 7 رنز کا اضافہ کرکے 36 کے مجموعے پر سری لنکا کے جے سوریا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب دن کے اختتامی لمحات میں اسپنر نعمان علی اگلے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن امام الحق کے ہمراہ وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہو کر فوری طور پر واپس چلے گئے۔

گال ٹیسٹ میں جب چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 131 کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 48 رنز بنائے تھے اور جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار تھے۔

امام الحق 25 اور کپتان بابراعظم 6 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

یاد رہے کہ گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں دھننجیا ڈی سلوا کی سنچری کی بدولت 312 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق کی شان دار ڈبل سنچری کی مدد سے 461 رنز بنا کر اننگز میں 149 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل پاکستان نے دورہ سری لنکا میں اپنا پہلا میچ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کھیلا جو ڈرا ہو گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

’بیوروکریٹک ذہنیت‘ ڈیجیٹائزیشن کی تیز رفتار ترقی میں رکاوٹ ہے، وفاقی وزیر کا اظہار تاسف

سعود شکیل کی عمدہ ڈبل سنچری، کئی منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیے

گزشتہ 14 برس سے ایسی بیماری میں مبتلا ہوں جس کا کوئی علاج نہیں، آغا علی