تارکین وطن اور غیر ملکیوں کے لیے ٹیکس کے بغیر 4 ماہ تک موبائلز چلانا ممکن

پاکستان میں مقیم افراد کو اپنے موبائل کی ٹیکس رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، فیڈرل بورڈ آف روینیو (ایف بی آر) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اشتراک سے ملک میں ’عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم‘ متعارف کرادیا گیا۔

پاکستان میں مقیم افراد کو اپنے موبائل کی ٹیکس رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے، تاہم پہلے بھی بیرون ممالک میں کمانے والے افراد کو ٹیکس کے بغیر اپنے موبائل مخصوص مدت چلانے کی اجازت ہوتی تھی۔

اسی طرح بیرون ممالک سے آنے والے سیاح اور افراد بھی ٹیکس کے بغیر پاکستان میں موبائل فون چلانے کے اہل ہوتے تھے لیکن اب اس کے دورانیے میں مزید اضافہ کرکے ایک نیا نظام متعارف کرادیا گیا۔

پی ٹی اے کے مطابق عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا اور تقریب میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ایف بی آر، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کے تحت بیرون ممالک روزگار کے سسلسلے میں رہنے والے افراد وطن واپسی پر آن لائن موبائل رجسٹریشن کروا سکیں گے اور انہیں 120 دن یعنی 4 ماہ تک کوئی ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم اس کے بعد انہیں ٹیکس لازمی دینا ہوگا۔

بیرون ممالک روزگار کمانے والے افراد چار ماہ بعد اگر مذکورہ فون اپنے ساتھ واپس لے جاتے ہیں اور دوبارہ ملک آتے ہیں تو انہیں اس کی رجسٹریشن نہیں کروانی پڑے گی، تاہم اگر وہ نیا موبائل ساتھ لائیں گے تو انہیں اس کے استعمال کے لیے لازمی رجسٹریشن کروانی پڑے گی۔

اسی طرح بیرون ممالک سے آنے والے سیاح اور دوسرے غیر ملکی بھی پاکستان میں رہتے ہوئے 4 ماہ تک بغیر ٹیکس موبائل فون استعمال کر سکیں گے۔

تارکین وطن اور غیر ملکی افراد پی ٹی اے کی ویب سائٹ سے موبائل فون کی آن لائن رجسٹریشن بھی کروا سکیں گے۔

عارضی رجسٹریشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن کے لیے جلد نان فنانشل پیکج کا اجرا بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے عارضی رجسٹریشن کے آن لائن نظام کے اجرا پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلیٰ حکام سمیت ایف بی آر اور پی ٹی اے حکام کو بھی مبارک باد پیش کی۔

تقریب سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عارضی رجسٹریشن کے نظام سے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو 120 دن تک اپنا فون بغیر ٹیکس ادا کیے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے موبائل فون پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔

پی ٹی اے نے ٹیلی کام صارفین کی سہولت کیلئے موبائل ایپ متعارف کرادی

ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب، پی ٹی اے نے بعض غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کھول دیے

پی ٹی اے نے چوری شدہ موبائل فونز بلاک کرنے کیلئے خود کار نظام متعارف کرادیا