آئمہ بیگ نے ’فنکاری‘ سے متعلق اپنے دعوے کو غلط تسلیم کرلیا
گلوکارہ آئمہ بیگ نے چند دن قبل ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہی حال ہی میں ریلیز ہونے والے اپنے گانے ’فنکاری‘ کی شاعری لکھاری شکیل سہیل (مرحوم) کے ہمراہ لکھی تھی۔
تاہم اب انہوں نے اپنے اس دعوے پر غلطی تسلیم کرتے ہوئے ’فنکاری‘ کے معاملے پر رپورٹنگ کرنے والے سوشل میڈیا پیجز پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام عائد کردیا۔
آئمہ بیگ کا گانا ’فنکاری‘ گزشتہ ہفتے ریلیز ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ گانے کی تیاری میں انہیں تین سال کا وقت لگا اور انہوں نے گانے کی شاعری لکھاری شکیل سہیل (مرحوم) کے ہمراہ لکھی تھی۔
آئمہ بیگ کے مذکورہ دعوے کے بعد موسیقار، گلوکار و لکھاری شیراز اُپل نے دعویٰ کیا تھا کہ ’فنکاری‘ گلوکارہ نے نہیں بلکہ انہوں نے لکھا تھا۔
شیراز اپل نے آئمہ بیگ کے ڈان امیجز کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ گلوکارہ نے ’فنکاری‘ سے متعلق غلط دعویٰ کیا، مذکورہ گانا گلوکارہ نے نہیں بلکہ شیراز اپل نے لکھا۔
انہوں نے آئمہ بیگ کو کہا تھا کہ وہ انہیں کریڈٹ دینا بھول گئی ہیں جب کہ اسی گانے کا کریڈٹ انڈیا کے یونیورسل میوزک کے یوٹیوب چینل پر انہیں دیا جاچکا ہے۔
موسیقار نے دعویٰ کیا تھا کہ آئمہ بیگ کی جانب سے گائے گئے گانے ’فنکاری‘ کی شاعری انہوں نے ہی لکھی۔
شیراز اُپل کے مذکورہ دعوے سمیت آئمہ بیگ کے دعوے پر جب گلیکی لولی وڈ نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی گئی تو وہاں آئمہ بیگ نے کمنٹ کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور ساتھ ہی انسٹاگرام پیج پر غلط معلومات پھیلانے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔
اپنے کمنٹ میں آئمہ بیگ نے لکھا کہ ’فنکاری‘ کی شاعری شیراز اپل نے ہی لکھی ہے اور وہی گانے کے پروڈیوسر بھی ہیں اور اس بات کا کریڈٹ یوٹیوب کی ویڈیو میں بھی مینشن ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ لوگوں میں نفرت نہ پھیلائیں، ان کے گانے کو بطور میوزک سنا جائے، یہ کوئی جنگ نہیں اور یہ کہ وہ شیراز اپل کی ہمیشہ سے ہی عزت کرتی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہر بات کو بھول کر ان کے گانے ’فنکاری‘ کو سنیں۔
آئمہ بیگ نے 12 جولائی کو ’فنکاری‘ کو اپنے یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا، جہاں اب شیراز اپل کو بطور لکھاری اور میوزک کمپوزر کریڈٹ دے دیا گیا ہے۔