پاکستان

ڈالرز کی نمایاں آمد کے باوجود روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز کمی

انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے 78 پیسے کا اضافہ ہوا اور 283 روپے 4 پیسے پر بند ہوا۔
|

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ 3 ارب ڈالر معاہدے کے بعد پاکستان میں امریکی کرنسی کی نمایاں آمد کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے کاروباری روز روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، آج روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے 78 پیسے کا اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اعداد وشمار کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 1.34 فیصد کمی آئی اور ڈالر 3 روپے 78 پیسے اضافے کے ساتھ 283 روپے 4 پیسے پر بند ہوا۔

اس سے قبل کاروبار کے دوران ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کے فراہم کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے 46 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی کرنسی 281 روپے 72 پیسے پر لین دین ہو رہی ہے۔

ڈالرکی قدر گزشتہ روز 279 روپے 26 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

کرنسی ڈیلر ظفر پراچا نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے معاہدے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کمرشل قرضے ملنے کے بعد تجزیہ کاروں کو توقع تھی کہ ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی واقع ہو گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہیرا پھیری اور قیاس آرائیوں کی فضا پیدا کی گئی، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی کرنسی کو محض اسٹاک ایکسچینج کی ایک کمپنی سمجھا جاتا ہے۔

ظفر پراچا نے کہا کہ اس کے نتیجے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار مایوس ہیں جو سرمایہ کاری کو کم کرتا ہے اور ہماری (کریڈٹ) ریٹنگ کو بھی گرا دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو رواں برس اور اگلے سال قرضوں کی ادائیگیاں کرنا ہیں اور ’سچائی کو تسلیم‘ کرنےکا مطالبہ کیا، انہوں نے حکام پر ری اسٹرکچرنگ کے لیے طویل مدتی پالیسیاں تشکیل دینے پر زور دیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر موصول ہونے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر جمعرات کو ایک روپے 2 پیسے بڑھ گئی تھی۔

تاہم مارکیٹ کی توقعات کے برعکس ڈالر دوبارہ مضبوط ہو گیا، جبکہ وزیراعظم شریف نے آج (18 جولائی) بتایا کہ چین کے ایگزم بینک نے کل 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ ہفتے ڈالرز کی آمد کے ساتھ تقریباً دوگنا ہو کر 8 ارب 70 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں، لیکن امریکی کرنسی کی زیادہ طلب نے قیمت کو بلند رکھا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچا نے گزشتہ روز ڈان کو بتایا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 سے 4 روپے بڑھا، اس کی بنیادی وجہ رسد میں کمی ہے جس کے سبب پیر کو ڈالر کی قیمت بڑھ گئی۔