لائف اسٹائل

رومیسہ خان، عاشر وجاہت اور رضا سموں کی ڈیبیو فلم ’جان‘ ریلیز

’جان‘ کی کہانی ایک غریب طبقے کے لڑکے اور اس کی محبت سمیت اس کی زندگی میں آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

مقبول ٹک ٹاکر رومیسہ خان، ابھرتے ہوئے اداکار عاشر وجاہت اور معروف ٹک ٹاکر رضا سموں سمیت دیگر نئے اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی ایکشن فلم ’جان‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

’جان‘ کی کہانی ایک غریب طبقے کے لڑکے اور اس کی محبت سمیت اس کی زندگی میں آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے اور اس میں نچلے طبقے سے وابستہ افراد کی زندگیوں کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کو ابتدائی طور پر 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعض وجوہات کی بنا پر ایسا نہ ہوسکا تھا اور اب اسے 14 جولائی سے پاکستان بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

’جان‘ میں مرکزی کردار ہدایت کار وجاہت رؤف اور پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے بیٹے عاشر وجاہت نے ادا کیا ہے جب کہ رومیسہ خان نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے۔

’جان‘ جہاں دونوں مرکزی اداکاروں کی پہلی فلم ہے، وہیں یوٹیوبر رضا سموں بھی اسی فلم کے تحت ڈیبیو کر رہے ہیں، علاوہ ازیں دیگر چند اداکار بھی پہلی بار بڑے پردے پر دکھائی دے رہے ہیں۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی مکمل کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی جرائم اور محرومیوں کے ارد گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا تھا کہ فلم میں عاشر وجاہت ’سویپر‘ یعنی ’خاکروب‘ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جو کہ غلط لوگوں سے واسطہ پڑنے کے بعد ممکنہ طور پر جرائم پیشہ شخص بن جاتے ہیں۔

ٹریلر میں عاشر وجاہت کو نوجوان خاکروب اور جرائم پیشہ افراد کی صحبت میں چلے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں رومیسہ خان سے رومانس میں بھی پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی بابر علی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جب کہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

’جان‘ کو فضا خانم نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ دیگر متعدد افراد بھی فلم کے شریک پروڈیوسر ہیں۔

شوٹنگ دو سال تک چلتی رہی تو شک ہوا میری کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی، رومیسہ خان

سجل علی ملک کے لیے تحفہ ہیں، ہدایت کار ندیم بیگ

پاکستانی عوام اتنی عزت ہماری نہیں کرتے جتنی بھارتی اداکاروں کی کرتے ہیں، ریشم