بلاول بھٹو نے کراچی میں دھابیجی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح اس ملک کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، دھابیجی اکنامک زون جب فعال ہوگا تو ایک لاکھ 50 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔
کراچی میں دھابیجی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ایک اور کامیاب منصوبہ ہم نے پاکستان کے عوام کے سامنے پیش کردیا، میں وزیراعلیٰ سندھ کو مبارکباد پیش کروں گا کہ انہوں نے اس تصور کو زائل کردیا کہ اصلی سیاسی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں اور اب ایک نئی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی دیکھی اور پیپلزپارٹی کی خدمت بھی دیکھی، باقی سب باتیں کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کام کرکے دکھاتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے چین کے اُن دوروں کے نتیجے میں ہی پاکستان کو سی پیک کا تحفہ ملا جن پر تنقید کی جاتی تھی اور انہیں قومی خزانے پر بوجھ قرار دیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور پیش کیا جس کے تحت پیپلزپارٹی نے کئی منصوبوں کی بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کو ناقابل رہائش شہروں میں شمار کرنے والے دی اکانومسٹ نے ہی پیپلزپارٹی کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلنے والوں منصوبوں کو ایشیا کے چھٹے بہترین منصوبوں کے طور پر شمار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کہ دنیا بھی پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو مان رہی ہے اور پاکستان کے عوام بھی پیپلزپارٹی کی کارکردگی کو مان رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی منصوبہ ہوگا اس میں ہمارا زور اسی پر ہوگا کہ ہمیں مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے، اس کے لیے ہم ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کررہے ہیں تاکہ جو منصوبہ مکمل ہونے تک یہاں کام کرنے کے لیے جو ہنر ضروری ہو وہ ہمارے مقامی لوگوں کے پاس موجود ہو۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جب دھابیجی اکنامک زون فعال ہوگا تو ایک لاکھ 50 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا، ہماری پہلی ترجیح اس ملک کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر ہم ایسے کام کریں گے جس سے ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں اور کاروباری طبقے کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، ہم مل کر کام کریں گے، انتخابات بھی نزدیک ہیں، جب ہماری حکومت آئے گی تو ایسی کارکردگی اسلام آباد میں بھی دکھائیں گے۔