لائف اسٹائل

’باربی بمقابلہ اوپن ہیمر‘، دو بڑی فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہونے کو تیار، ٹوئٹر پر میمز کی بھرمار

دو بالکل مختلف کہانیوں پر مبنی فلمیں 21 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہیں۔

دنیا کی سب سے بڑی فلمی فنکاروں کی صنعت کے مرکز ہالی وُوڈ کی دو بڑی فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہونے جارہی ہیں، شائقین تجسس میں مبتلا ہیں کہ پہلے دن کونسی فلم دیکھی جائے۔

ہولی ووڈ کی دو بڑی فلمیں رواں ماہ ایک ہی دن ریلیز ہونے والی ہیں، ایک جانب باربی ڈول، گلابی رنگ کے محل نما گھر، رنگا رنگ پارٹی سے بھرپور فلم ’باربی‘ ہے تو دوسری جانب دنیا کا پہلا ایٹم بم تیار کرنے والے سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ کی داستان پر مبنی فلم ’اوپن ہیمر‘ ہے۔

دو بالکل مختلف کہانیوں پر مبنی فلمیں 21 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہیں۔

ہزاروں شائقین ایک ہی دن دونوں فلمیں دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریں گے۔

دونوں فلموں کی کاسٹ/ٹیم

دونوں فلموں کی اگر کاسٹ اور ٹیم کا موازنہ کریں تو دونوں فلموں کی کاسٹ میں اے لسٹ اداکار شامل ہیں، فلم باربی کی مرکزی کرادر میں ’مارگٹ روبی‘ ہارلے کوئن کے کردار کے نام سے جانی جاتی ہیں اور رائن گوسلنگ، فلم ’لالا لینڈ‘ کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں۔

دوسری جانب فلم ’اوپن ہیمر‘ کے مرکزی کرداروں میں کیلین مرفی (فیریز پی کی پلائینڈرز کی وجہ سے مشہور ہیں)، رابرٹ ڈاؤنی (آئرن مین کے کردار سے مشہور ہیں)، میٹ ڈیمن (فلم گُڈ ول ہنٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں) اور رامی ملک (فلم بوہیمین ریپسوڈی کی وجہ سے مشہور ہیں)۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم اوپن ہیمر کے ڈائریکٹر کرسٹوفر نولن نے ماضی میں بہترین فلمیں تخلیق کی ہیں جن میں انٹرسٹیلر، انسیپشن، ڈارک نائٹ، دی پریسٹیج، ڈنکرک شامل ہیں، انہیں متعدد ایوارڈ بھی مل چکے ہیں، بہترین فلمیں بنانے کی وجہ سے انہیں کئی بار آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاچکا ہے لیکن بدقسمتی سے وہ کبھی آسکر نہ جیت سکے۔

اس لیے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بہت سے مداح کرسٹوفر نولن کی وجہ سے ہی فلم ’اوپن ہیمر‘ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

دوسری جانب باربی کی ڈائریکٹر گریٹا گیروگ بھی جانی مانی شخصیت ہیں، انہوں نے ماضی میں لٹل وومن، لیڈی برڈ جیسی فلمیں تخلیق کی ہیں، تاہم اگر شہرت کا موازنہ کیا جائے تو کرسٹوفر نولن آگے ہیں۔

ورلڈ وائڈ پروگرامنگ کی ایگزیکٹو نائب صدر الزبتھ فرینک کے مطابق دونوں فلموں کی ریلیز سے ایک ہفتے قبل ہی 20 ہزار سے زیادہ لوگ ’باربی‘ اور ’اوپن ہیمر‘ دیکھنے کے لیے ٹکٹ خرید چکے ہیں۔

7 جولائی سے 10 جولائی تک ٹکٹ خریدنے والے مداحوں کی تعداد میں 33 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

باربی اور اوپن ہیمر کا بجٹ

اگرچہ دونوں فلموں کی بجٹ کی بات کی جائے تو امریکی اخبار ’وارئٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق دونوں فلموں ’باربی‘ اور ’اوپن ہیمر‘ کا بجٹ تقریباً 10 کروڑ ڈالرز ہے۔

کرسٹوفر نولان باکس آفس کے پاور ہاؤس کے طور پر جانے جاتے ہیں اور اب تک کے ساتویں سب سے زیادہ کمانے والے ڈائریکٹر کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

اسی وجہ سے غیر ملکی میگزین اور میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ 21 جولائی کو باکس آفس پر ’اوپن ہیمر‘ غالب رہے گی۔

امریکی ویڈیو گیم کی ویب سائٹ ’آئی جی این‘ کی جانب سے اوپن ہیمر کے اداکار سیلین مرفی کی ویڈیو شئیر کی گئی جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’میں 100 فیصد باربی دیکھنے جاؤں گا، میں یہ فلم دیکھنے کے لیے انتظار نہیں کرسکتا، یہ ہماری انڈسٹری کے لیے بہت اچھی بات ہے کہ ایک دن ہی میں دو بہترین فلمسازوں کی دو بہترین فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں۔‘

’فلم باربی‘ کی کہانی کیا ہے؟

باربی گڑیا سب سے پہلے 1959 میں بنائی گئی تھی، اس سال مداح باربی کی 63ویں سالگرہ منائیں گے۔

باربی کا ٹریلر اپریل 2023 میں ریلیز ہوا تھا جس کے ایک موقع پر باربی کا ڈائیلاگ ہے جس میں وہ کہتی ہے کہ ’میں پرفیکٹ نہیں بننا چاہتی، میں ’میں‘ بننا چاہتی ہوں۔‘

ٹریلر میں باربی کے کردار کے حوالے سے اس پیغام کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ جس کا مقصد نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانا اور خود پر یقین کرنا ہے۔

فلم اوپن ہیمر کی کہانی کیا ہے؟

فلم اوپن ہیمر ایک کتاب پر مبنی ہے جس میں دنیا کا پہلا ایٹم بم تیار کرنے والے سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ جے رابرٹ اوپن ہیمر کی داستان بیان کی گئی ہے۔

فلم کے ریلیز کیے گئے ٹیزر میں ایک دھماکے سے پھیلنے والی آگ کو دکھایا گیا۔

ٹیزر کے آغاز پر اداکارہ ایملی بلنٹ کی آواز سنائی دی جو اوپن ہیمر کی بیوی کیتھرین کا کردار ادا کر رہی ہیں، وہ کہہ رہی تھیں کہ ’دنیا بدل رہی ہے یہی تمہارا لمحہ ہے‘۔

ٹوئٹر پر میمز کی بھرمار

ہولی ووڈ کی دو بڑی فلمیں ایک ہی ریلیز ہونے پر سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر بھی میمز کی بھرمار ہے۔

63 سال میں پہلی بار ہولی ووڈ اداکار ہڑتال کیوں کررہے ہیں؟

عروج آفتاب اردو زبان پر امریکی میگزین کے نسل پرستانہ تبصرے پر برہم

بچوں کی پسندیدہ گڑیا ’باربی‘ پر بنائی گئی فلم کا ٹریلر جاری