دنیا

بھارت نے فرانس سے رافیل جیٹ طیاروں، آبدوزیں خریدنے کی منظوری دے دی

قیمت اور خریداری کی دیگر شرائط پر تمام متعلقہ پہلوؤں کو مدنظر رکھنے کے بعد فرانسیسی حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، وزیر دفاع

بھارتی وزارت دفاع نے وزیر اعظم نریندر مودی کی فرانس آمد سے قبل ہی نیوی کے لیے 26 رافیل جنگی طیاروں اور 3 اسکارپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی ابتدائی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نیوی کے لیے 26 رافیل جنگی جہاز اور 3 اسکارپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کے دو روزہ دورے پر ہیں تاکہ مغرب میں نئی دہلی کے سب سے پرانے اسٹریٹجک پارٹنر کے ساتھ تعلقات کو گہرا کیا جا سکے جہاں متعدد اعلیٰ سطح کے دفاعی سودے اور ہند بحرالکاہل میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا مشترکہ منصوبہ متوقع ہے۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی زیر قیادت دفاعی حصولی کونسل نے اس معاہدے کی منظوری دے دی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس معاہدے میں 26 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری، جن میں چار ٹرینرز اور تین اسکارپین کلاس آبدوزیں شامل ہیں جو بھارت کے مازگون ڈاک شپ بلڈرز اور فرانس کے نیول گروپ کے ذریعے بنائی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے میں خریداریوں کی کُل مالیت تقریباً 800 ارب روپے ہونے کی توقع ہے۔

تاہم حکومت نے لاگت کے اعداد و شمار نہیں بتائے اور کہا کہ قیمتوں پر ابھی بات چیت نہیں ہوئی۔

گزشتہ کچھ برسوں میں نریندر مودی نے فوج کو جدید بنانے کے لیے اخراجات میں اضافہ کیا ہے جبکہ پاکستان اور چین کے ساتھ دو متنازع سرحدوں پر تعینات افواج کو مقامی اسلحے کی فراہمی کے لیے ملکی پیداوار کو بڑھانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔

رواں برس بھارتی حکومت نے دفاعی بجٹ میں 13 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے مالی سال 24-2023 کے لیے 5.94 کھرب روپے مختص کیے تھے۔

بھارت کے روسی ساختہ پلیٹ فارمز کے پرانے بیڑے، دیکھ بھال میں ماسکو کی نااہلی، اور متوازی پلیٹ فارمز کے لیے مقامی مینوفیکچرنگ کے منصوبوں میں تاخیر نے بھارت کو دو نئے دفاعی معاہدوں کی ضرورت پر مجبور کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رافیل جیٹ طیاروں نے گزشتہ سال ٹیسٹ میں امریکی سپر ہارنیٹ ایف 18کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ قیمت اور خریداری کی دیگر شرائط بشمول دیگر ممالک کی طرف سے ملتے جلتے طیاروں کی تقابلی خریداری کی قیمت پر تمام متعلقہ پہلوؤں کو مدنظر رکھنے کے بعد فرانسیسی حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ بھارت اب چار دہائیوں سے فرانسیسی لڑاکا طیاروں پر انحصار کر رہا ہے، 2015 میں رافیل خریدنے سے بہت پہلے بھارت نے 1980 کی دہائی میں میراج جیٹ طیارے خریدے تھے جو اب بھی فضائیہ کے دو اسکواڈرن پر مشتمل ہیں۔

اسی طرح 2005 میں بھارت نے فرانس سے 188 ارب روپے میں 6 اسکارپین کلاس ڈیزل آبدوزیں خریدیں تھیں۔

اگست 2023 میں انتظام نگران حکومت کے سپرد کردیں گے، وزیراعظم

اولاد فتنہ ہوتی ہے، بہو کبھی بیٹی نہیں بن سکتی، صبا فیصل

حاجی گلبر خان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب، عہدے کا حلف اٹھالیا