گائناکالوجسٹ کی عدم موجودگی پر اینستھیٹسٹ نے زچگی کا آپریشن کردیا، نومولود جاں بحق
پنجاب کے شہر سرگودھا کے نجی ہسپتال میں گائناکالوجسٹ کی عدم موجودگی کے باعث اینستھیٹسٹ نے مبینہ طور پر زچگی کا آپریشن کردیا، جس کے نتیجے میں پیٹ میں موجود نومولود بچی جاں بحق ہوگئی، ماں کو تشویشناک حالت میں ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے رہائشی سید علی رضوی اپنی اہلیہ کو ڈیلیوری کے آپریشن کے لیے نوید ہسپتال بھلوال لے گئے لیکن ہسپتال میں گائناکالوجسٹ موجود نہیں تھے، تاہم ہسپتال انتظامیہ نے اینستھیٹسٹ کو زچگی کا آپریشن کرنے کی ہدایت کردی۔
انستھیٹسٹ کی مبینہ غفلت کے باعث نومولود بچی موت کے منہ میں چلی گئی۔
واقعے کے بعد لواحقین نے احتجاج کیا جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اینستھیٹسٹ ڈاکٹر نوید اسلم کو گرفتار کرلیا۔
لواحقین نے پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ سے ہسپتال سیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پنجاب کے شہر بھیرہ کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کی کوششیں
دوسری جانب کمشنر محمد اجمل بھٹی کا کہنا ہے کہ والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور پنجاب کے شہر بھیرہ کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے شہر کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا، کمشنر نے بگویا کی جامع مسجد کے گیٹ اور مرکزی امام بارگاہ، ملکہ وکٹوریہ کے دور میں بنائے گئے باولی مندر اور مرکزی امام بارگاہ کی تاریخی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے نجم الثاقب نے کہا کہ اسٹیشن کو میوزیم اور ریسٹورنٹ میں تبدیل کر دیا جائے گا جبکہ باولی مندر کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔