پاکستان

اسلام آباد: ایف 9 پارک میں خواتین کو ہراساں کرنے والے شخص کےخلاف مقدمہ درج

وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو پارک میں چہل قدمی کرنے والی مختلف خواتین کی جانب اشتعال انگیز اشارے کر کے ہراساں کرتے دیکھا گیا تھا۔

اسلام آباد کی پولیس نے ایف-9 پارک میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاست کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 294 اور 509 کے تحت مارگلہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں ایک پولیس اہلکار شکایت کنندہ بنا۔

یہ مقدمہ انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے ردِعمل میں درج کیا گیا جس میں ایف-9 پارک میں ایک شخص پارک میں چہل قدمی کرنے والی مختلف خواتین کی جانب اشتعال انگیز اشارے کر کے ہراساں کر رہا تھا۔

پولیس نے کہا کہ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت کرنے اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اس کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس شخص کی شناخت میں ان کی مدد کریں اور اگر ان کے پاس کوئی معلومات ہے تو اس کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں بھی ایک ماسک پہنے شخص کی جانب سے نیم برہنہ حالت میں ایک راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ سامنا آیا تھا۔

مذکورہ شخص کی حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی تھی تاہم پولیس ابھی تک اسے پکڑ نہیں سکی۔

کہیں آپ کان کا میل صاف کرتے ہوئے یہ غلطیاں تو نہیں کرتے؟

استحکام پاکستان پارٹی کا منشور آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

تیل کے بعد روس سے درآمد شدہ مزید اشیا پاکستان پہنچنے لگیں