لائف اسٹائل

مقبول ڈرامے ’تیرے بن‘ کا سیزن 2 بنانے کا اعلان

گزشتہ روز ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد وہاج علی اور یمنیٰ زیدی نے بھی ایک دوسرے کی تعریف میں انسٹاگرام پر پوسٹ کی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہونے والا بلاک بسٹر ڈراما ’تیرے بن‘ کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد اس ڈرامے کے سیزن 2 کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ڈراما ’تیرے بن‘ کی پہلی قسط 28 دسمبر 2022 کو نشر ہوئی تھی جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے اس نے دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے تھے، 6 ماہ تک ہفتے میں دو بار نشر ہونے والے ڈرامے کی آخری قسط گزشتہ روز (6 جولائی 2023 کو) نشر کی گئی تھی۔

58 اقساط پر مشتمل ڈرامے کی مرکزی کہانی وہاج علی (مرتسم) اور یمنیٰ زیدی (میرب) کے کرداروں کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ان کے درمیان جھگڑوں، غلط فہمیوں، محبت اور تناؤ کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں بشریٰ انصاری، حرا سومرو، سبینہ فاروق، فضیلہ قاضی اور فرحان علی آغا سمیت دیگر نے کردار ادا کیا ہے۔

ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے ٹوئٹر پر وہاج علی، میرب کے ساتھ کیک کاٹنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تیرے بن‘ کا سفر اختتام کو پہنچا، اس ڈرامے نے ایسا سنگ میل طے کیا جو پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، اس ناقابل یقین سفر اور سامعین کی بھرپور فرمائش پر ’تیرے بن‘ سیزن ٹو کا اعلان کرتا ہوں۔

پروڈیوسر نے ’تیرے بن‘ کو پاکستانی ڈرامے کی تاریخ کا سب سے بڑا بلاک بسٹر ڈراما بنانے پر اللہ کا شکر ادا کیا، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’اس ڈرامے کی کامیابی محنت کا نتیجہ ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ڈرامے میں مرتسم اور میرب کا مرکزی کردار ادا کرنے والے وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی آن اسکرین جوڑی اور بہترین پرفارمنس نے ’تیرے بن‘ کو شاہکار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ان کی پرفارمنس نے اربوں ناظرین کے دلوں کو چھو لیا ہے، اور دنیا بھر میں اسے سراہا جارہا ہے۔‘

اس کے علاوہ گزشتہ روز ڈراما ’تیرے بن‘ کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد یمنیٰ زیدی اور وہاج علی نے بھی اپنے اپنے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔

وہاج علی نے لکھا کہ ’بہت کم ایسے اداکار ہوتے ہیں جو آپ کے اندر بہترین صلاحیت دیکھتے ہیں، وہ اداکار آپ کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرے لیے اور مرتسم کے لیے میرب ہے‘، وہاج علی نے یمنیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں یمنیٰ کا بہت شکر گزار ہوں جس نے مجھے متاثر کیا، مجھے چیلنج کیا، مجھے ایک اداکار کے طور پر آگے بڑھنے پر مجبور کیا، ہم نے مل کر جو حاصل کیا ہے اس پر مجھے فخر ہے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’یمنیٰ کے ساتھ مستقبل میں مزید کام کرنے کا منتظر ہوں، وہاج نے آخر میں لکھا کہ ’مرتسم صرف میرب کی وجہ سے مرتسم خان تھا‘۔

اس کے علاوہ وہاج علی نے ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’6 ماہ اور اس دوران جس قدر محبت اور احترام ملا وہ کسی خواب کے سچ ہونے سے کم نہیں تھا۔‘

’لیکن اس دوران تنقید، مداحوں کا پیار، پیغامات اور فون کالز نے مجھے اس بات کا احساس دلایا یہ تو صرف شروعات ہے، میں اور بھی بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میں کون ہوں اور میں کیا کرنا چاہتا ہوں لیکن اس کے باوجود میں نے کچھ غلطیاں بھی کیں جس کی مجھے خوشی ہے کیونکہ آئندہ میں ان غلطیوں سے سیکھ سکوں گا۔‘

وہاج نے مزید کہا کہ ’مرتسم کا کردار مجھے ہمیشہ یاد رہے گا جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔‘

یمنیٰ زیدی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اس سفر کو الوداع کہنے کا وقت ہوگیا ہے، یہ سفر سیکڑوں لوگوں کی کوششوں سے شروع ہوا تھا اور اب اربوں لوگوں کی محبت سے ختم ہو رہا ہے۔‘

’تیرے بن‘ کو اپنے دل کے قریب رکھنے کا شکریہ، ہم نے جو کردار ادا کیے اس کو بے حد پسند کرنے کا شکریہ، یمنیٰ نے مزید لکھا کہ مجھے ’میرب‘ کے لیے منتخب کیا گیا اور ’مرتسم‘ نے اسے مزید خوبصورت بنا دیا۔

یمنیٰ نے وہاج کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے ساتھ کام کرنے اور میرب اور مرتسم کی دنیا میں رنگ بکھیرنے کا شکریہ، آپ کے بغیر اس جوڑے کی جادوئی کیمسٹری ممکن نہیں تھی۔‘

اس کے علاوہ بشریٰ انصاری نے بھی ’تیرے بن‘ کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

6 ماہ تک جیو انٹرٹینمنٹٹ پر نشر ہونے والے ڈرامے کو اس دوران کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سب سے پہلے ڈرامے کے ٹائٹل سانگ پر شائقین نے بھارتی گانے کی کاپی کا الزام لگایا۔

اس کے علاوہ ڈراما کی قسط نمبر 47 کے ٹیزر میں مرتسم اور میرب کے درمیان ازدواجی ریپ کا اشارہ دیا گیا تھا، جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا۔

اس ٹیزر کے بعد کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر ڈرامے کے پروڈیوسرز اور لکھاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، 47 قسط ریلیز ہونے پر ڈرامے پر ایک اور الزام عائد ہوا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائقین نے ڈرامے میں ’غیر متوقع موڑ‘ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈرامے کی کہانی کو تبدیل کیا گیا ہے‘۔

ناظرین کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ ڈرامے کے کچھ سین کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے، اور مرتسم اور میرب کے سین میں مبینہ طور پر ’واٹس ایپ کوالٹی‘ کا وائس اوور شامل کیا گیا ہے۔

ابھی یہ بحث سوشل میڈیا پر جاری ہی تھی کہ ڈرامے کی قسط ریلیز ہونے کے 2 روز بعد پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ کو تنبیہ کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

ڈراما ’تیرے بن‘ میں ’نامناسب مواد‘ نشرکرنے پر پیمرا کا نوٹس

’تیرے بن‘ کی حالیہ قسط، ناظرین کا پروڈیوسر پر سین ڈیلیٹ کرنے کا الزام

’تیرے بن‘ ڈرامے کے گانے کے موسیقار پر بولی وڈ گانے کی کاپی کا الزام