لائف اسٹائل

کسی بھی مقبول گانے کے’ریمیک’ کے حق میں نہیں، شیما کرمانی کا پسوڑی پر ردعمل

پاکستان کے مقبول گانے ’پسوڑی‘ کے بھارتی ریمیک کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا، جس پر بھارتی شائقین نے بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

’پسوڑی‘ میں رقص کرکے شائقین کے دل جیتنے والی مقبول کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی نے پاکستانی گانے کے بھارتی ریمیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مقبول گانے کے ریمیک کے حق میں نہیں۔

پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ کو 2022 کے آغاز میں ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے تحت جاری کیا گیا تھا۔

گانے میں علی سیٹھی اور شے گل نے آواز کا جادو جگایا تھا جب کہ شیما کرمانی نے گانے کی ویڈیو میں رقص کیا تھا۔

’پسوڑی‘ اتنا مقبول ہوا کہ وہ 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا گانا تھا جب کہ اس نے دیگر بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔

’پسوڑی‘ کی مقبولیت کے بعد حال ہی میں بولی وڈ فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ میں اس کے ’ریمیک‘ ’پسوڑی نو‘ کو شامل کیا گیا تھا، جسے اریجیت سنگھ اور تلسی کمار نے گایا تھا۔

بھارتی ریمیک پر خود بھارتی لوگ بھی برہم دکھائی دیے تھے جب کہ پاکستانی شائقین نے بھی اس پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

بھارتی ریمیک پر اگرچہ شے گل بھی اپنا ردعمل دے چکی ہیں اور انہوں نے مداحوں کو ریمیک گانے والے گلوکاروں پر تنقید سے منع کیا تھا۔

اب شیما کرمانی نے بھی اس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی بھی مقبول گانے کے ریمیک کے حق میں نہیں رہیں۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارتی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے شیما کرمانی نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک بھارتی گانا نہیں سنا، اس لیے وہ اس پر اپنی رائے نہیں دے سکتیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لیکن ان کا ہمیشہ سے یہ خیال رہا ہے کہ کسی بھی مقبول گانے کا ریمیک نہیں بنایا جانا چاہیے۔

شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ جب پہلے بنائے گئے کلاسیکل گانے کی دھن بہت اچھی ہے تو اس کی دھن دوبارہ بنانے کی کیا ضرورت ہے؟

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ مقبول پرانے گانوں کا ریمیک نہیں بنایا جانا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’پسوڑی‘ میں پرفارمنس کرنے کے حوالے سے بتایا کہ انہیں علی سیٹھی نے راضی کیا۔

ان کے مطابق وہ کلاسیکل ڈانسر اور سماجی رہنما ہیں، اس لیے وہ گانوں میں رقص نہیں کرتیں اور خصوصی طور پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے منصوبوں میں وہ ایسا بلکل نہیں کرتیں لیکن علی سیٹھی نے انہیں ’پسوڑی‘ میں ڈانس کرنے پر راضی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے علی سیٹھی کو اپنے سامنے بڑا ہوتے دیکھا ہے اور ان کی والدہ سے ان کی گہری دوستی رہی ہے، اس لیے وہ انہیں گانے میں پرفارمنس کرنے کا کہتے رہے۔

شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ علی سیٹھی نے انہیں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ انہیں پرفارمنس کرنی پڑے گی اور پھر جب انہوں نے انہیں گانے کی موسیقی بھیجی تو انہیں گانا سمجھ نہیں آیا لیکن انہیں اس کی دھن بہت پیاری لگی، جس کے بعد ہدایت کار اور پروڈیوسر نے انہیں گانے کا خیال سمجھایا تو وہ پرفارمنس کے لیے راضی ہوگئیں۔

پاکستان میں کلاسیکل ڈانس کے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مشکلات ضرور ہیں لیکن وہ بھی ہار نہیں ماننے والیں۔

ان کے مطابق ابتدائی طور پر وہ ایک دہائی تک پاکستان کی واحد کلاسیکل ڈانسر رہیں اور انہوں نے تنگ نظر گروپوں، جماعتوں اور عہدیداروں کی سختیاں بھی برداشت کیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی کلاسیکل ڈانس کے حوالے سے حالات زیادہ بہتر نہیں ہیں، کراچی جیسے شہر میں ہی صرف ایک تھیٹر ہے اور انہیں ریاست یا حکومت کی کوئی مدد حاصل نہیں لیکن وہ اپنا کام جاری رکھتی رہیں گی۔

’کچھ نیا لاؤ، پرانے گانوں کو برباد نہ کرو‘، پسوڑی گانے کے بھارتی ریمیک پر مداح برس پڑے

’پسوڑی‘ کے بھارتی ریمیک پر گلوکارہ شے گل کا ردعمل سامنے آگیا

علی سیٹھی اور شائے گِل کے ’پسوڑی‘ کا ریکارڈ