لائف اسٹائل

دوسری جنگ عظیم پر بننے والی احد رضا میر کی بین الاقوامی سیریز کا پہلا ٹریلر جاری

فلم ’ورلڈ آن فائر سیزن 2‘ کی پہلی قسط 16 جولائی کو بی بی سی آئی پلیئر سے نشرکی جائے گی۔

دوسری جنگ عظیم پر بننے والے ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر 2‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستانی اداکار احد رضا میر راجب کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

نیٹ فلکس کی ایکشن فلم ’ریزیڈنٹ ایول‘ میں ڈیبیو دینے کے بعد احد رضا میر کی یہ دوسری بین الاقوامی سیریز ہے جس میں وہ برطانوی بھارتی آرمی کی اسپیشل یونٹ کی قیادت کرنے والے راجب کے کردار میں دکھائی دیں گے۔

ورلڈ آن فائر 2 کی دیگر کاسٹ میں اسکاٹ لینڈ کے اداکار مارک بونر اور برطانوی اداکاری گریگ سلکن، لیسلی مینویل، جولیا براؤن بھی شامل ہیں۔

یہ ٹی وی سیریز 16 جولائی سے بی بی سی آئی پلیئر سے نشرکی جائے گی۔

احد رضا میر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فلم کا ٹریلر شیئر کیا گیا، 41 سیکنڈ کے اس ٹریلر میں گولیاں اور بمباری دکھائی گئی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فلم میں دوسری جنگ عظیم کی منظر کشی کی گئی ہے، جس میں رائل ایئرفورس (آر اے ایف) کے پائلٹ مانچسٹر کی فضا میں گشت کرتے ہوئے جرمن بمبار طیاروں کو تباہ کرتے ہیں۔

دوسری جنگ عظیم کی کہانی کو عام لوگوں کی نظروں میں بیان کرتے ہوئے فلم میں آزادی کے لیے لڑنے والے نڈر نوجوان ہیروز کو دکھایا گیا ہے، سیریز میں برطانیہ کی خستہ حال گلیاں، نازی جرمنی، مقبوضہ فرانس اور افریقہ کے صحرا تک میں جنگ کے اثرات کی منظر کشی کی گئی ہے۔

ورلڈ آن فائر 2 کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد مداح بھی توقع کر رہے ہیں کہ یہ فلم انتہائی دلچسپ ہوگی، یہ ٹی وی سیریز کی پہلی قسط 16 جولائی کو بی بی سی آئی پلیئر سے نشرکی جائے گی۔

ورلڈ آن فائر کا پہلا سیزن 2019 میں جاری ہوا تھا جو اقساط پر مبنی فلم سیریز تھی، جس میں جنگ عظیم دوم کے دوران برطانیہ، پولینڈ، فرانس، جرمنی اور امریکا میں بسنے والے عام لوگوں کی کہانی اوران کی زندگیوں کو دکھایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مقبول اداکار احد رضا میر، نیٹ فلیکس کی اوریجنل ہارر ویب سیریز ’ریزیڈنٹ ایول‘ میں کام کرچکے ہیں جو ان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز تھی۔

اداکار اس سے قبل بھی عالمی منصوبوں میں کام کر چکے ہیں۔

احد رضا میر ماضی میں برطانیہ میں ’ہیملیٹ: اے گھوسٹ اسٹوری‘ نامی اسٹیج تھیٹر میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں جب کہ وہ معروف انگریز مصنف ولیم شیکسپیئر کے شہرہ آفاق تھیٹر ڈرامے ’ہیملیٹ‘ (دی ٹریجڈی آف ہیملیٹ، پرنس آف ڈنمارک) میں بھی ایکشن دکھا چکے ہیں۔

پاکستان میں شوبز کیریئر شروع کرنے سے قبل احد رضا میر کینیڈا میں رہائش پذیر تھے، جہاں انہوں نے تھیٹرز سمیت دیگر منصوبوں میں بھی کام کیا تھا اور وہ متعدد عالمی ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

احد رضا میر معروف اداکار و ڈراما ساز آصف رضا میر کے بیٹے ہیں، جنہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

احد رضا میر کی نیٹ فلیکس سیریز ’ریزیڈنٹ ایول‘ کا ٹیزر ریلیز

احد رضا میر نیٹ فلیکس کی ویب سیریز میں کاسٹ

احد رضا میر عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد