خیبر پختونخوا: مختلف علاقوں میں شدید بارش، شاہراہ قراقرم بند ہونے سے مسافر پھنس گئے
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد مرکزی شاہراہ قراقرم اور اس سے ملحقہ سڑکیں بند ہونے سے مسافروں کی بڑی تعداد پھنس گئی۔
شانگلہ کی تحصیل بشام اور ہزارہ کے ضلع کوہستان، بٹگرام اور تورغر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مون سون کی موسلادھار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور گارا، کیچڑ سڑکوں پر آگیا جس کی وجہ سے گلگت بلتستان جانے والے راستے اور سڑکیں بند ہو گئیں۔
بشام کے ایس ایچ او بخت ظاہر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ شاہراہ قراقرم 30 سے زائد مقامات پر بند ہوگئی ہے اور مسافر ہائی وے کے دونوں ٹریکس پر پھنس گئے ہیں، ان مسافروں میںگلگت بلتستان اور دیگر شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے سڑک کا کو کم از کم ایک ٹریک صاف کرنے میں مصروف ہیں تاکہ ٹریفک کو بحال کرایا جائے۔
شانگ دریا کے کنارے پھنسے ایک مسافر زاہد خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ مانسہرہ سے بشام جا رہے تھے کہ پھنس گئے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹریفک کے لیے سڑک کھلنے کے منتظر ہیں۔
زاہد خان نے کہا کہ انہوں نے کچھ بند سڑک کو عبور کرنے کا خطرہ مول لیا جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا جسے اب دھکا لگانا پڑے گا۔
شانگلہ اور کوہستان کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس نے بھی روڈ بند ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ”ابتدائی طور پر ایک طرف کی ٹریفک“ کے لیے سڑک کو صاف کر رہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے ان مقامات 211، 213، 215، 267 اور 283 پر بلاک ہے، باقی دیگر مقامات پر چھوٹی رکاوٹیں ہیں۔
غلام عباس کا مزید کہنا تھا کہ شانگلہ اور کوہستان کے علاقے ڈنڈائی اور کوہستان کے درمیان واقع سڑک بلاک ہے، اس کے علاوہ زیادہ تر مقامات شانگلہ کی تحصیل بشام میں بند ہیں۔
لنڈائی جئے بشام کے ایک مقامی رہائشی عبداللہ نے کہا کہ یہاں کی رابطہ سڑک کئی مقامات پر مکمل طور پر بند ہو گئی ہے جس سے ان کے علاقے تک سڑک بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہائشی چاہتے ہیں کہ حکام جلد از جلد سڑک کو صاف کر دیں۔
عید الاضحیٰ کی تعطیلات کی وجہ سے مکانات کو پہنچنے والے نقصان اور کسی بھی ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں سرکاری اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران پیش آئے حادثات و واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات نے ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کوہستان، شانگلہ، چترال، لوئر، اپر دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، اورکزئی، کرم، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔