شاہ رخ خان کے ساتھ تاج محل کے سامنے سڑک پر جھاڑو لگائی تھی، اداکار علی خان
ہولی وڈ اور بولی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان کہتے ہیں کہ انہوں نے ’بھارتی اداکار شاہ رُخ خان کے ساتھ پہلی ملاقات میں تاج محل کے سامنے سڑک پر جھاڑو لگائی تھی۔‘
واضح رہے کہ علی خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2011 کی مقبول فلم ’ڈان 2‘ میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ انجلینا جولی کی 2007 کی فلم ’مائٹی ہرٹ‘، 2008 کی فلم ’ٹریٹر‘، 2020 کی فلم ’موگل موگلی‘ میں کام کرچکے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے متعدد باتیں شیئر کیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’لوگ آج بھی کشمکش میں مبتلا ہیں کہ میں بھارتی ہوں یا پاکستانی ہوں، اس لیے بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں نے بھارت، پاکستان اور برطانیہ میں کام کیا اور کرتا رہوں گا، لیکن میں برطانوی ہوں۔‘
ایک اور سوال کے جواب میں علی خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی ملاقات میں سڑک پر جھاڑو لگائی تھی۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’جی بالکل میں نے شاہ رخ خان کے ساتھ جھاڑو لگائی تھی، ہمیں دعوت دی گئی تھی کہ تاج محل کے سامنے اتوار کی صبح کو جھاڑو لگائیں۔‘
انہوں نے جھاڑو لگانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک سماجی سرگرمی تھی، ہم آگاہی دے رہے تھے کہ اپنی سڑکیں صاف رکھو۔‘
علی خان نے بتایا کہ ’یہ آگاہی مہم کراچی کے علاقے سی ویو میں بھی چلائی جاتی ہے، اس مہم کا حصہ بننے کے لیے میں اپنے بچوں کو بھی لے جاتا ہوں۔‘
یاد رہے کہ قبل ازیں 2022 میں علی خان نے شاہ رخ خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ہم مذہب، ہم زبان اور ہم نسل ہیں، اس لیے ان کے انہیں کام میں زیادہ مزہ آیا۔
پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے میزبان نے سوال کیا کہ ایسی کون سی اداکارہ ہیں جن کے ساتھ نہ چاہتے ہوئے بھی کام کرنا پڑتا ہے’۔
جس پر علی خان نے نام لیے بغیر جواب دیا کہ ’بہت ساری پاکستانی اداکاراؤں کے ساتھ نہ چاہتے ہوئے کام کرنا پڑتا ہے کیونکہ بہت ساری اداکارائیں ہیں جو سیٹ پر وقت پر نہیں آتیں، اور جب آتی ہیں تو 3 گھنٹے میک اَپ میں لگ جاتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ پاگل خانے میں گھس گئے ہیں۔‘
یاد رہے کہ علی خان صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، تاہم کم عمری میں ہی وہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے اور ان کا بچپن بھارت میں بھی گزرا اور انہوں نے وہاں اسکول کی تعلیم بھی حاصل کی۔
علی خان نے اداکاری کا آٖغاز کم عمری میں بھارتی ڈراموں سے 1993 میں کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے متعدد پاکستانی ڈراموں میں بھی کام کیا۔
انہوں نے بیک وقت برطانیہ، بھارت اور پاکستانی ڈراموں اور فلموں سمیت تھیٹرز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔