شے گِل کے ترک گلوکار کے ساتھ اردو اور ترک زبان کے گانے کی تعریفیں
کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے ’پسوڑی‘ سے عالمی سطح پر مقبول ہونے والی گلوکارہ شے گِل کے ترک گلوکار ایودکی سات (Evdeki Saat) کے ساتھ گائے گئے گانے ’ون لو‘ (one love) آتے ہی لوگوں کو پسند آگیا۔
شے گِل اور ایودکی سات کے گانے کو کوک اسٹوڈیو کے گلوبل سیزن کے تحت 23 جون کو ریلیز کیا گیا۔
’ون لو‘ (one love) کے عنوان سے جاری گانے کی شاعری اردو اور ترک زبان کے علاوہ انگریزی پر مشتمل ہے جب کہ اس کی دھن کو بھی تینوں زبان کے حساب سے ترتیب دیا گیا ہے۔
گانے کی ویڈیو میں شے گِل اور ایودکی سات کو اسٹوڈیو کے اندر ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہوکر پرفارم کرتے دکھایا گیا ہے۔
گانے کا آغاز ترک زبان سے ہوتا ہے، ساتھ ہی اس کا انگریزی میں ترجمہ بھی گایا جاتا ہے۔
گانے میں شے گل نہ صرف اردو گلوکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں بلکہ وہ ترک اور انگریزی بولوں پر بھی آواز کا جادو جگائی دکھائی دیتی ہیں۔
گانے کو ریلیز کیے جانے کے بعد ترکیہ اور پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے شائقین نے بھی اس کی تعریفیں کیں اور دونوں گلوکاروں کی آوازوں کو سراہا۔
کوک اسٹوڈیو کے یوٹیوب چینل پر زیادہ تر افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے شے گل کی آواز اور خوبصورتی کی تعریفیں کیں۔
شے گِل نے چند دن قبل انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی کوک اسٹوڈیو میں دکھائی دیں گی جب کہ ایک دن قبل ہی انہوں نے ترک گلوکار کے ساتھ گانے کی پہلی جھلک بھی شیئر کی تھی۔
شے گل کا کوک اسٹوڈیو گلوبل کے ساتھ ’ون لو‘ (one love) پہلا گانا ہے جب کہ انہوں نے 2022 کے آغاز کوک اسٹوڈیو پاکستان کے 14 ویں سیزن میں علی سیٹھی کے ساتھ گانے ’پسوڑی‘ میں آواز کا جادو جگایا تھا۔
’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کے چند مقبول ترین گانوں میں سے ایک ثابت ہوا اور مذکورہ گانے نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے اور اسے عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔
’پسوڑی‘ کے بعد شے گِل معروف گلوکار عاطف اسلم اور عاصم اظہر کے ساتھ بھی آواز کا جادو جگاتی دکھائی دیں جب کہ اس کے علاوہ بھی انہوں نے دیگر فنکاروں کے ساتھ گانوں میں پرفارمنس دی اور اب ان کا پہلا کوک اسٹوڈیو گلوبل کا گانا بھی ریلیز کردیا گیا، جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔