پاکستان

غیرجانبداری برقرار رکھنا نگران وزرائے اعلیٰ کا قانونی فرض ہے، الیکشن کمیشن

نگران حکومت کے لیے غیر متنازع رہنا اور آئین اور قوانین کے مطابق الیکشن کمیشن کی مدد کرنا بھی ضروری ہے، پنجاب، خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو خط

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نگران وزرائے اعلیٰ کو یاد دہانی کروائی ہے کہ غیرجانبداری برقرار رکھنا ان کا قانونی فرض ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حامد خان کی جانب سے دونوں نگران وزرائے اعلیٰ کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ ’آپ جانتے ہیں کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 230 کے تحت نگران حکومت کا کردار اور فرائض اپنے دورِ حکومت میں غیر جانبداری کو برقرار رکھنا اور تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ یکساں سلوک اور برابری یقینی بنانا ہے‘۔

خط میں کہا گیا کہ نگران حکومت کے لیے غیر متنازع رہنا اور آئین اور قوانین کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مدد کرنا بھی ضروری ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ’یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض افراد، ممکنہ انتخابی امیدوار اور سیاسی جماعتوں کے اراکین ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ اور مختلف محکموں کے کام میں مداخلت کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نگران حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ قانونی مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے گی اور اپنے ماتحت اداروں اور فیلڈ فارمیشنز یعنی ڈسٹرکٹ اور ڈویژنز پر نظر رکھے گی‘۔

الیکشن کمیشن، ایشیا فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

دریں اثنا الیکشن کمیشن اور ایشیا فاؤنڈیشن نے گزشتہ روز ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جس کا مقصد جمہوری کلچر، انتخابی طریقوں کو یقینی بنانے اور مربوط کوششوں کے ذریعے انتخابی نتائج اور عمل کی ساکھ کو بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم میں اسٹریٹجک اعتبار سے الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔

ایم او یو پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حامد خان اور ایشیا فاؤنڈیشن کے سینیئر ایڈوائزر حارث قیوم نے دستخط کیے۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام اور ایشیا فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے درمیان اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم ایشیا فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہماری مشترکہ کوششیں زیادہ جامع انتخابی عمل میں حصہ ڈالیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے شعور اور تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہم ہر اہل پاکستانی کو جمہوری عمل میں فعال طور پر شامل ہونے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس مفاہمت نامے کے تحت ایشیا فاؤنڈیشن اور الیکشن کمیشن اہم چیلنجز سے نمٹنے اور ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کو فروغ دینے کے لیے قریبی تعاون کریں گے۔

دونوں اداروں کے درمیان یہ شراکت داری شہریوں کے شعور اور شمولیت پر زور دیتے ہوئے معتبر اور جامع انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری ادارہ جاتی میکانزم کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

ایشیا فاؤنڈیشن ادارہ جاتی طریقہ کار کو بہتر کرنے اور الیکشن کمیشن کی افرادی قوت کو مزید بہتر کرنے میں معاونت فراہم کرے گا، تکنیکی معاونت، انفرادی کارکردگی کی بہتری اور ڈیجیٹلائزیشن میں دونوں ادار ے اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ انتخابات کرانے کے لیے ضروری آلات اور وسائل موجود ہوں۔علاوہ ازیں مفاہمت نامے میں خاص طور پر کمزور گروہوں سے تعلق رکھنے والے ووٹرز کی آگاہی اور فعال شمولیت کو اہمیت دی گئی ہے۔

ایشیا فاؤنڈیشن اور الیکشن کمیشن ملک کے عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں تمام لوگوں کی فعال شمولیت کی حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اس شراکت داری کے ذریعے شہریوں کی فعال شمولیت کو فروغ اور انتخابی عمل تک مساوی رسائی یقینی بنا کر شہریوں کو بااختیار بنانے اور جمہوری اصولوں کے بارے میں ان کی سمجھ کو وسعت دینے کی کوشش کی جائے گی۔

شہریوں کے ملٹری ٹرائل کےخلاف کیس کی سماعت پر خواجہ آصف کی عدلیہ پر تنقید

سنیتا مارشل سے مذہب تبدیلی سے متعلق سوال کرنے پر نادر علی نے ’معافی‘ مانگ لی

لاپتا آبدوز میں سوار دو پاکستانیوں سمیت پانچوں مسافروں کی ہلاکت کا اعلان