دنیا

رومانیہ: خواتین کی اسمگلنگ کے الزام میں سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ پر فرد جرم عائد

اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی رومانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کرنے والے ہائی پروفائل مشتبہ افراد ہیں۔

رومانیہ کی عدالت نے انسانی اسمگلنگ، ریپ اور خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ پر فرد جرم عائد کردی۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن سمیت رومانیہ کی دو خواتین ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

تمام ملزمان 7 خواتین کے خلاف بدسلوکی کی تحقیقات مکمل ہونے تک نظر بند ہیں۔

دوسری جانب ملزمان نے پہلے ہی اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

سابق کک باکسر اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی رومانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کرنے والے ہائی پروفائل مشتبہ افراد ہیں۔

اینڈریو ٹیٹ خود کو ’عورتوں سے نفرت کرنے والا‘ کہتے ہیں، وہ اپنی متعدد ویڈیوز میں انتہائی پرتعیش زندگی کا اظہار کرچکے ہیں، وہ خوبصورت خواتین کے ساتھ ڈیٹ کرتے ہیں اور تیز کاروں کے ساتھ یا نجی جیٹ طیاروں میں گھومتے نظر آئے۔

نظربند ہونے سے قبل چار مشتبہ افراد کو 29 دسمبر سے 31 مارچ تک پولیس کی تحویل میں رکھا گیا تھا، جبکہ رومانیہ کے پراسیکیوٹرز نے نظربندی میں توسیع کی درخواست بھی دی ہے۔

عدالت اب 21 جون کو فیصلہ کرے گی کہ آیا نظر بندی میں 30 روز کی توسیع کی جائے یا سزا میں کمی کردی جائے۔

پراسیکیوٹر کے مطابق 36 سالہ اینڈریو ٹیٹ پر متاثرہ خواتین میں سے ایک کا ریپ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے، جبکہ 34 سالہ ٹرسٹن کو تشدد پر اکسانے کا الزامات کا سامنا ہے۔

اینڈریو ٹیٹ کے قانونی ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم ان کی بے گناہی ثابت کرنے اور ان کی ساکھ کو بحال کرنے کے موقع (ایک مقدمے کی سماعت) کے لیے تیار ہیں۔‘

تاہم مقدمے کی سماعت فوری طور پر شروع نہیں ہوگی۔

رومانیہ کے قانون کے تحت پہلے کیس بخارسٹ کی عدالت کے ابتدائی چیمبر میں بھیجا جاتا ہے، جہاں جج 60 دنوں کے اندر کیس کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیتا ہے۔

انسانی اسمگلنگ اور ریپ کے کیسز میں 10 سال تک قید کی سزا ہوتی ہے۔

استغاثہ نے یہ بھی کہا کہ وہ 4 مشتبہ افراد کے خلاف منی لانڈرنگ، گواہوں سے چھیڑ چھاڑ اور بچوں سمیت دیگر افراد کی اسمگلنگ کے الزامات پر ایک الگ کیس میں تفتیش کر رہے ہیں۔

فرد جرم میں استغاثہ سے تفتیش کے دوران ضبط کی گئی جائیداد، لگژری گھڑیاں، نقدی اور کرپٹو کرنسی کو بھی ضبط کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چین امریکا مذاکرات کا اختتام، تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی

لاپتا آبدوز کی تلاش کے دوران ’پانی کے اندر آوازوں کی نشاندہی‘

مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک