پاکستان

حکومت نے عید الاضحیٰ کیلئے تعطیلات کا اعلان کردیا

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق جمعرات 29 جون سے ہفتہ یکم جولائی تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔

وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کے لیے 29 جون سے یکم جولائی تک تعطیلات کا اعلان کردیا۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جن دفاتر میں ہفتے کے 5 روز کام ہوتا ہے ان کے لیے 29 جون اور 30 جون (جمعرات اور جمعہ) تعطیل ہوگی۔

علاوہ ازیں جن دفاتر میں ہفتے کے 6 روز کام کیا جاتا ہے ان کے لیے 29 جون تا یکم جولائی (جمعرات تا ہفتہ) تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

عید الاضحیٰ میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کو اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں جن کا گوشت عزیز و اقارب اور مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کل ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد عید 29 جون 10 ذوالحج کو منائی جائے گی۔

اس ضمن میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج 20 جون 2023 کو ہوگی اور عید الاضحیٰ 29 جون 2023 کو منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ یوم عرفہ بروز منگل 27 جون کو ہوگا اور عید قرباں کا پہلا روز 28 جون بروز بدھ ہوگا۔

اسی طرح عمان کی وزارت مذہبی امور نے بھی اعلان کیا تھا کہ سلطنت میں بھی عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہی منائی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ برونائی، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں اتوار کو ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں بھی عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی۔

خیال رہے کہ رواں سال ایک لاکھ 72 ہزار 710 پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ سے زائد کلمہ گو فریضہ حج ادا کریں گے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 27 جون کو ادا کیا جائے گا۔

ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں شامل

کنٹینر ٹرمینل کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کیلئے جلد مذاکرات متوقع

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کا بل پیپلز پارٹی نے مسترد کردیا